سہارنپور: اترپردیش کے سہارنپور میں کل بھیم آرمی کے ضلع صدر کے بھائی کی مشتبہ حالت میں گولی لگنے سے ہوئی موت کے بعد حالات کشیدہ مگر پر امن ہیں اور متوفی سچن والیہ کی آج سخت سیکورٹی کے درمیان آخری رسم ادا کردی گئی ۔
سی ایم او ڈاکٹر بی ایس سوڑھي نے بتایا کہ بھیم آرمی کے ضلع صدر کمل والیہ کے چھوٹے بھائی 21 سالہ سچن والیہ کی لاش کا آج صبح تین بجے پانچ ڈاکٹروں کے ایک پینل نے پوسٹ مارٹم کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ سچن کی موت کے منہ میں گولی لگنے سے ہوئی ہے ۔ سچن کے لواحقین اس کی لاش کو صبح 10 بجے ایمبولینس کے ذریعہ پوسٹ مارٹم ہاؤس سے اپنے گھر رام نگر لے گئے ۔