لکھنو : سماج وادی پارٹی میں ان دنوں کافی اتھل پتھل مچی ہوئی ہے ۔ پیر کو ایک گھنٹے کے اندر اندر دو قدآور وزراء کی چھٹی کے بعد منگل کی صبح چیف سکریٹری کو بھی ہٹا دیا گیا ۔ شام ہوتے ہوتے پارٹی نے ایک اور بڑا فیصلہ لے لیا ۔ ایس پی سپریمو ملائم سنگھ نے اترپردیش کی کمان بیٹے اکھلیش یادو سے لے کر اپنے چھوٹے بھائی شیو پال یادو کو سونپ دی ہے ۔ انہوں نے شیو پال یادو کو سماجوادی پارٹی کا ریاستی صدر نامزد کیا ہے ۔
سیاسی پنڈتوں کے مطابق اتر پردیش انتخابات سے عین قبل ایس پی کا یہ فیصلہ بتاتا ہے کہ پارٹی میں اندرون خانہ سب کچھ ٹھیک نہیں ہے ۔ وزراء کے بعد ہٹائے گئے چیف سکریٹری دیپک سنگھل کو شیو پال یادو کا قریبی سمجھا جاتا ہے ۔ بتایا جا رہا کہ اکھلیش کے کچھ فیصلے پارٹی میں کچھ لوگوں کو ہضم نہیں ہو رہے تھے ۔ اسی کے پیش نظر سربراہ ملائم سنگھ کو بیچ میں آنا پڑا ۔ انہوں نے یوپی کی باگ ڈور بیٹے اکھلیش سے لے کر شیو پال کو سونپ دی ۔