نئی دہلی۔ الیکشن کمیشن نے گوا میں ایک جلسہ عام کے دوران رشوت سے متعلق مبینہ تبصرہ کرنے کوضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے وزیر دفاع منوہر پرریکر کو نوٹس بھیجا۔
الیکشن پینل نے مسٹر پاریکر کو تین فروری کو ایک بجے تک اس سلسلے میں وضاحت دینے کو کہا ہے۔
کمیشن نے کہا کہ گوا فارورڈ پارٹی، شمالی گوا ضلع کے ضلعی الیکشن افسر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی جانب سے یہ شکایت موصول ہوئی ہے کہ وزیر دفاع نے لوگوں کو ووٹ ڈالنے کے لئے رشوت لینے کے لئے ترغیب دی تھی۔ انتخابی عمل کے دوران رشوت لینے کے لئےترغیب دینا جرم ہے۔
واضح رہے کہ پرریکر نے گزشتہ 29 جنوری کو گوا کے چمبل میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کسی دیگر سیاسی پارٹی کے لیڈر اپنی ریلی میں شامل ہونے کے لئے انہیں 500 روپے دیں تو وہ لے لیں لیکن ووٹ صرف بی جے پی ( کمل) کے لئے کریں۔ گوا میں چار فروری کو اسمبلی انتخابات ہوں گے۔