ممبئی : مغربی بنگال سے سعودی عرب کے جدہ گئے 27 ہندوستانی نوجوانوں کے لاپتہ ہونے کے معاملہ کی جانچ مہاراشٹر اے ٹی ایس نے شروع کر دی ہے ۔ اے ٹی ایس نے ممبئی کے ایک ٹریول ایجنٹ کے الرٹ کرنے پر تحقیقات شروع کی ہے ۔ ممبئی کے ٹریول ایجنٹ مغربی بنگال کے مرشدآباد کے ایک ٹریول ایجنٹ کے ساتھ مل کر ان مسافروں کو تلاش کر رہے تھے ۔ این ڈی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق لاپتہ افراد میں سے ایک شیخ نور الزماں کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ 8 فروری کو جدہ جانے کے لئے مرشدآباد سے نکلا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ طے شدہ پروگرام کے مطابق 44 سالہ نور الزماں کو 22 فروری کو لوٹ کر آنا تھا ، لیکن اب تک اس کا کوئی پتہ نہیں ہے ۔
مرشدآباد کے ٹریول ایجنٹ کے مطابق شیخ نور الزماں عمرہ کے لئے گئے تھے، لیکن خاندان کے مطابق وہ وہاں کام کر رہا ہے ۔ مہاراشٹر اے ٹی ایس کو ابھی تک ان لوگوں کے بارے میں کوئی بھی معلومات نہیں مل سکی ہے ۔
شیخ نور الزماں سمیت لاپتہ سبھی 27 افراد مرشدآباد کے ہٹپارہ اور ڈومكل علاقے کے رہنے والے ہیں ۔ نام نہیں شائع کرنے کی شرط پر ٹریول ایجنٹ نے بتایا کہ وہ ممبئی اے ٹی ایس کی پوری مدد کر رہا ہے ۔ اس نے ان لوگوں کے گروپ کے لیڈر کی ویزا تفصیلات اور پاسپورٹ کی معلومات اور رابطہ نمبر اے ٹی ایس کو دے دیئے ہیں ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس معاملے میں مغربی بنگال کے مرشدآباد کے کسی بھی تھانے میں کنبہ کے ارکان نے کسی کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج نہیں کرائی ہے ۔
نور الزماں کی اہلیہ کے مطابق اس کا شوہر جدہ میں نوکری کرتا ہے اور باضابطہ فون بھی کرتا رہتا ہے ۔ اس نے بتایا کہ جب آخری مرتبہ بات ہوئی تھی ، تو اس نے سب کچھ بخیر ہونے کی بات کہی تھی ۔ اسے امید ہے اس کا شوہر کسی غلط کام میں شامل نہیں ہو سکتا ہے ۔ مرشدآباد کے مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ اس علاقہ سے سینکڑوں افراد مزدوری کے لئے سعودی عرب کے مختلف حصوں میں جاتے ہیں ، جس سے بہت سے واپس لوٹ کر نہیں آتے ۔