نئی دہلی : شمالی عراق میں یرغمال بناکر قتل کئے گئے 38 ہندوستانی مزدوروں کے باقیات لے کر مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ جنرل وی کے سنگھ وطن واپس آگئے ہیں ۔ تاہم ہندوستان لوٹتے ہی جنرل وی کے سنگھ نے ایک حیران کن بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں جن 39 ہندوستانی مزدوروں کو مار دیا گیا ، وہ سبھی غیر قانونی طریقہ سے عراق گئے تھے۔
خیال رہے کہ 2014 میں عراق میں آئی ایس آئی ایس نے 40 ہندوستانیوں کا اغوا کرلیا تھا ۔ ان میں سے 39 ہندوستانیوں کو مار ڈالا گیاتھا جبکہ ایک شہری کسی بھی طرح وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا ۔ پیر کو ایک خصوصی طیارہ کے ذریعہ جنرل وی کے سنگھ مہلوکین کی لاشوں کے باقیات لے کروطن واپس آئے۔ باقیات کو اہل خانہ کے سپرد کیا جائے گا۔
فی الحال عراقی حکومت نے 39 میں سے 38 ہندوستانیوں کے باقیات ہی سونپے ہیں جبکہ 39 ویں لاش کا ڈی این اے کو میچ کیا جانا باقی ہے۔ باقیات لے کر ہندوستان پہنچے وی کے سنگھ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی حکومت کے موقف کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ ان کی حکومت کسی طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہے اور ہمیشہ رہے گی۔