نئی دہلی:امریکی سفیر برائے ہند رچرڈ ورما نے آج لاس اینجلس ہوائی اڈے پر حراست میں لئے جانے والے بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان سے معافی مانگی اور کہا کہ حکام اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ آئندہ ایسا نہ ہو۔ شاہ رخ کی طرف سے واقعے کے بارے میں ٹویٹ کے بعد امریکی سفیر کا یہ ردعمل سامنے آیا۔کنگ خان کے نام سے مشہور بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کو آج امریکہ کے لاس اینجلس میں امیگریشن محکمہ کے حکام نے پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لے لیاتھا۔نسٹر ورما نے جوابی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ آئندہ ایسا نہ ہو۔بعد ازاں شاہ رخ نے ٹویٹ کیاکہ “میں پوری دنیا کے موجودہ حالات کے پیش نظر سیکورٹی کے تقاضے کو سمجھتا ہوں اور اس کا احترام بھی کرتا ہوں لیکن ہر بار امریکہ آنے پر امیگریشن کے محکمہ کی طرف سے حراست میں لیا جانا بہت پریشان کن ہے ۔ امریکی وزارت خارجہ نے لاس اینجلس ہوائی اڈے پر ہندستانی سپر سٹار کے حراست میں لئے جانے کے سلسلے میں کوئی فوری تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے تاہم وزارت میں جنوبی اور وسطی ایشیا ئی امور کی نائب وزیر خارجہ نشا دیسائی بسوال نے شاہ رخ کو ہوئی مشکلات کے لئے افسوس ظاہر کیا ہے ۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب شاہ رخ کو امریکی ہوائی اڈے پر حراست میں لیا گیا ہے . اس سے پہلے سال 2009 میں نیو جرسی میں نیویارک لبرٹی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر امیگریشن حکام نے اس وقت گرفتار کیا تھا جب ان کا نام کمپیوٹر الرٹ فہرست میں آیا۔ دوسری بار 2012 میں شاہ رخ کو نیویارک ہوائی اڈے پر امریکی امیگریشن حکام نے دو گھنٹے تک حراست میں رکھا تھا۔بعد میں کسٹمز اور بارڈر سیکورٹی حکام نے اس کے لیے افسوس کا اظہار کیا تھا۔