نئی دہلی۔ اپہار سنیما المیہ میں سپریم کورٹ نے گوپال انسل کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے۔ سپریم کورٹ نے اپہار سنیما میں آگ لگنے کے معاملے میں مشہور بزنس مین گوپال انسل کو آج ایک سال قید کی سزا سنائی ہے ۔
اس واقعہ میں 59 لوگوں کی جانیں گئی تھیں۔ جسٹس رنجن گوگوئی کی قیادت والی تین رکنی بنچ نے یہ فرمان سنایا ہے ۔ جسٹس کورین جوزف اور جسٹس آدرش کمار گوئل اس بنچ کے رکن ہیں۔
عدالت عظمیٰ نے اپہار المیہ کے متاثرین کی تنظیم اور سی بی آئی کی نظر ثانی کی عرضی کو جزوی طور سے منظور کرتے ہوئے کہا کہ گوپال انسل کے بھائی سشیل انسل پہلے سے ہی جیل کاٹ رہے ہیں۔ گوپال انسل بھی اس کیس میں چار ماہ جیل میں رہ چکے ہیں ۔
عدالت کا حکم آنے کے بعد اپہار سنیما کی آتشزدگی میں اپنے دو بچے کھو دینے والی مسز نیلم کرشنا مورتی نے کہا ’’ مجھے بے حد مایوسی ہوئی ہے ۔ میں نے عدالت سے رجوع کرکے اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی کی۔ عدلیہ پر سے میرا اعتبار ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا ہماری تمام کوششیں بیکار گئیں ۔’’ مجھے بہت دکھ ہوا ہے ۔ امیر اور طاقتور لوگوں کو خصوصی اختیار حاصل ہیں وہ کچھ بھی کرکے بچ جاتے ہیں ‘‘۔