واشنگٹن۔ وفاقی اپیلی عدالت سے ڈونالڈ ٹرمپ کو جھٹکا لگا ہے۔ امریکہ کی اس وفاقی اپیلی عدالت نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سات مسلم اکثریتی ممالک کے شہریوں پر سفری پابندی کے حکم پر روک لگانے کے سیٹل کی ایک عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ صدر ٹرمپ نے 27 جنوری کو سات مسلم اکثریت والے ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی لگا دی تھی۔
ان ممالک میں عراق، ایران، شام، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن شامل تھے۔ کیس کی سماعت کے دوران اپیلی عدالت نے صدر ٹرمپ کے متنازعہ سفر پابندی کا دفاع کرنے والے اور اس پر اعتراض کرنے والوں سے سخت سوال پوچھے۔ تین ججوں کی ایک بینچ نے صدر کے اختیارات کو محدود کرنے اور سات ممالک کو دہشت گردی سے جوڑنے پر کئی سوال کھڑے کئے ہیں۔
اس سے پہلے، ٹرمپ نے اپنے اس متنازعہ حکم کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ غیر ملکیوں کے امریکہ آنے پر پابندی لگانے کا انہیں قانونی حق ہے۔ پولیس سربراہان کے ایک اجلاس میں صدر ٹرمپ نے وفاقی اپیل عدالت میں اس سفری پابندی پر نظر ثانی کی سماعت کو شرمناک قرار دیا تھا اور کہا کہ ایسا سیاسی وجوہات کی بنا پر کیا جا رہا ہے۔ اب اس معاملے میں آخری فیصلہ امریکہ کی عدالت عظمیٰ کرے گی۔