درحقیقت یہ ایک بے جوڑ تعلق تھا، آئن اسٹائن نہ صرف غیر معمولی حد تک ذہین تھے، بلکہ خوبرو بھی تھے، جبکہ میلیوا عام سی شکل و صورت اور جسمانی و نفسیاتی عوارض کا شکار ایک بے انتہا سنجیدہ اور خشک مزاج لڑکی تھی، جو عمر میں بھی ان سے 3 سال بڑی تھی، بچپن سے اپنی معذوری کے باعث مذاق کا نشانہ بننے والی میلیوا کے دل میں صنف مخالف کے لیے نفرت ہی نفرت تھی۔
آئن اسٹائن کئی برس تک نفرت کی اس دیوار کو گرانے کی سعی کرتے رہے، دوسری جانب میلیوا، اس کے جذبوں کی شدت اور خود اپنے دل میں امڈ آنے والے نرم گوشوں سے اس قدر خوفزدہ تھی کہ وہ زیورخ انسٹی ٹیوٹ چھوڑ کر ہائیڈل برگ یونیورسٹی جرمنی چلی گئی، مگر البرٹ اسے مستقل خط لکھ کر اپنی محبت کا یقین دلاتے رہے، بالآخر نفرت کی شکست ہوئی اور وہ دونوں ہمیشہ کے لیے ایک ہوگئے، ان کے 3 بچے ہوئے جن میں ایک بیٹی اور 2 بیٹے شامل تھے، شادی کے بعد ایک عورت کا ساتھ ملنے کی وجہ سے البرٹ کی زندگی میں استحکام آیا اور وہ پہلے سے زیادہ آسودگی و یکسوئی کے ساتھ کائنات کے سر بستہ رازوں اور طبیعات کے اصولوں پر غور و فکر کرنے لگے۔