نئی دہلی۔ لاپتہ نجیب کی تلاش میں دہلی پولیس جاسوسی کتے لے کر جے این یو کیمپس پہنچی۔ گزشتہ تقریبا دو ماہ سے لاپتہ جے این یو طالب علم نجیب احمد سے جڑے معاملے میں دہلی پولیس کی کرائم برانچ کی ٹیم جے این یو کیمپس کی تلاشی کے لئے پہنچی۔ کرائم برانچ کی ٹیم اپنے ساتھ جاسوسی کتے بھی لے کر پہنچی۔
دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے ہائی کورٹ سے حکم ملنے کے بعد یہ تلاشی لی۔ سینکڑوں کی تعداد میں پولیس فورس تلاشی میں لگی رہی۔
بتا دیں کہ ایم ایس سی بایوٹیک فرسٹ ایئر کا طالب علم نجیب تقریبا دو ماہ پہلے لاپتہ ہو گیا تھا۔ اس کے خاندان اور طالب علموں کا الزام ہے کہ دہلی پولیس اس کیس کے ملزمان سے پوچھ گچھ نہیں کر رہی ہے، جس کی وجہ سے نجیب کا اب تک پتہ نہیں لگ پایا ہے۔
لاپتہ نجیب کی اطلاع دینے والے کو دہلی پولیس نے انعام کا بھی اعلان کیا ہے۔
آغاز میں انعام کی رقم 50000 روپے تھی جسے بعد میں بڑھا کر ایک لاکھ روپے اور پھر بعد میں اسے بڑھا کر پانچ لاکھ روپے کر دیا گیا۔ لیکن اب تک لاپتہ نجیب کا کوئی پتہ نہیں چل پایا ہے۔