بھونیشور : وزیر اعظم مودی نے ایک مرتبہ پھر تین طلاق کا معاملہ اٹھایا ہے ۔ بی جے پی کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے جہاں ایک طرف اپوزیشن پر حملہ کیا تو دوسری طرف پارٹی کے لیڈروں کو بڑبولے پن سے بچنے کا مشورہ دیا۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے ٹرپل طلاق پر مسلم خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی کہ حکومت اور پارٹی ان کے ساتھ ہے۔ مودی نے کہا کہ \ ‘تین طلاق سے مسلم بہنیں کافی تکلیف میں ہیں، ہمیں اس کا حل کرنا چاہئے۔ اس کیلئے ضلع سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ‘ انہوں نے کہا کہ نیو انڈیا کے فارمولہ پر آگے بڑھنا چاہیے۔
وزیر اعظم نے کارکنوں سے کہا کہ وہ پسماندہ مسلمانوں کے مسائل پر بھی توجہ دیں اور ان کی ضلع سطح پر مدد کرنے کی کوشش کریں۔ ساتھ ہی ساتھ پسماندہ مسلمانوں کے لئے ایک کانفرنس بھی منعقد کرنے کی اپیل کی ۔ مودی نے کہا کہ ان تک پہنچنا ضروری ہے ، کیونکہ یہ بھی سب سے زیادہ پسماندہ طبقے میں ہیں۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم مودی نے ایوارڈ واپس کرنے والے لوگوں پر نشانہ سادھا اور کہا کہ بہار انتخابات کے دوران ایسا بہت کچھ ہو رہا تھا ، لیکن آج کل یہ لوگ کہاں ہیں؟ ۔ مودی نے کہا کہ اپوزیشن انتخابات کے دوران فرقہ وارانہ معاملے اٹھاتا ہے۔ بہار کے دوران ایوارڈ واپسی ہوئی تھی ، جبکہ دہلی اسمبلی انتخابات کے دوران گرجا گھروں پر حملے کو خوب ہوا دی گئی تھی۔ ٧٦٤`ئع
ای وی ایم پر اٹھ رہے سوالات کے درمیان پر وزیر اعظم نے کہا کہ ای وی ایم مشین کا مسئلہ ایسے لوگ اٹھا رہے ہیں ، جو حکومت میں ہیں اور جنہوں نے خود اسی عمل سے انتخابات جیتے ہیں۔