وارانسی۔ اپوزیشن کا نعرہ ہے کچھ کا وکاس ، کچھ کا ساتھ ۔ یہ کہنا ہے وزیر اعظم نریندر مودی کا۔ روڈ شو کے بعد کاشی ودیاپیٹھ پہنچے وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ریلی سے خطاب کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ روڈ شو میں بنارس کے لوگوں نے کل کے ریکارڈ کو بھی توڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بنارس کے عوام سے مل رہی محبت ہی انہیں دہلی میں کام کرنے کی طاقت بخشتی ہے۔انہوں نے اپوزیشن پارٹیوں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ایس پی، بی ایس پی اور کانگریس نے سیاست کے کلچر کو بدلا ہے۔ ان کے مطابق ‘کچھ کا ساتھ، کچھ کی ترقی ہی واحد مقصد ہوتا هے، جبکہ جمہوریت میں ‘سب کی ترقی اور سب کا ساتھ دونوں ہی ضروری ہیں اور بی جے پی اسی فارمولہ کو لے کر چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا خواب پورے اترپردیش، پھر خواہ وہ پوروانچل ہی کیوں نہ ہو، کی ترقی ہے۔ ترقی کے لئے ملک کے تمام حصوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ جاپانی بخار کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اگر یہاں کی حکومت صحیح ہوتی تو پوروانچل میں جاپانی بخار کا قہر اتنا نہیں ہوتا۔ ہر سال یہاں بڑی تعداد میں لوگ اس بخار کا شکار ہوتے ہیں، لیکن ریاستی حکومت اس جانب توجہ نہیں دے رہی ہے۔
نوٹ بندی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے بعد کچھ لوگوں نے یہ افواہ پھیلائی کہ اب تاجروں کی خیر نہیں، محکمہ انکم ٹیکس والے انہیں پریشان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ‘ایماندار کو پریشان کرنے کی کوئی ہمت نہیں کرے گا، ملک میں ایماندار کا احترام کیا جائے گا، ان کی جے جے کار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ لوٹیروں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔