نئی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ شہرت سے گھبرانے والے لوگ فیس بک اور انسٹا گرام کو چھوڑ کر پرائیوٹ ایپلی کیشنز مثلا واٹس اپ اور ٹیلی گرام کا زیادہ استعمال کررہے ہیں۔
برطانوی اخبار میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں چار سوشل نیٹ ورکنگ ایپلی کیشنز، فیس بک، انسٹا گرام، ٹوئٹر اور اسنیپ چیٹ پر گزرنے والے وقت کا جائزہ لیا گیا جس سے پتہ چلا کہ دنیا بھر میں انسٹا گرام کے استعمال میں سب سے زیادہ کمی آگئی ہے۔
اس کے بعد ٹوئٹر کے استعمال میں23.4فیصد، اسنیپ چیٹ میں15.7 فیصد اور فیس بک کے استعمال میں 8 فیصد کمی ہوگئی۔
تمام ایپلی کیشن میں سب سے کم مقبول ٹوئٹر رہی جبکہ فیس بک سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپلی کیشن ثابت ہوئی۔ معلوم ہوا کہ لوگ روزانہ اوسطا 34 منٹ فیس بک کا استعمال کرتے ہیں۔ اس کی حریف انسٹا گرام کا روزانہ اوسط استعمال 17 منٹ رہا۔
برطانیہ میں پچھلے سال انسٹاگرام کے استعمال میں سب سے زیادہ کمی دیکھنے میں آئی، جب کہ غیر معمولی طور پر اسنیپ چیٹ زیادہ مقبول ایپ ثابت ہوئی۔
سب سے زیادہ اسنیپ چیٹ استعمال کرنے والے ملک میں برطانیہ کا تیسرا نمبر ہے،جہاں کے شہری اوسطا روزانہ 15 منٹ اس ایپ کا استعمال کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مصنف ڈیٹا تجزیہ کار پاول توچنسکی نے بتایا کہ سوشل میڈیا کے استعمال میں کمی کی دو وجوہات ہوسکتی ہیں۔
پہلی وجہ تو یہ ہے کہ بڑی تعداد میں چھوٹی سوشل میڈیا ایپس مارکیٹ میں آگئی ہیں مثلا لائیو اسٹریمنگ ویڈیو ایپ پیری اسکوپ اور انکرپٹڈ میسنجر ٹیلی گرام جو صارفین کی توجہ حاصل کرنے کی کوششوں میں لگی ہیں۔
پچھلے سال برطانیہ میں ٹیلی گرام کا استعمال 17 منٹ تھا جو 40 فیصد اضافے کے ساتھ اس سال بڑھ کر 24 منٹ ہوگیا ہے۔
پاول توچنسکی نے کہا کہ ’’ صارفین میں پرائیوسی اور انفرادی بات چیت کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ ٹیلی گرام کے استعمال میں اضافہ اس کی مثال ہے۔اس کے ساتھ وھسپر اور ’یک یاک‘ کا استعمال بھی بڑھا جہاں لوگ گمنام رہتے ہوئے چیٹ کرسکتے ہیں۔ یوں لگتا ہے کہ لوگ بند کمیونٹیز کی طرف زیادہ جارہے ہیں۔
واٹس ایپ جیسی مسیجنگ ایپس کی مقبولیت میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا، جس نے عوامی سوشل میڈیا نیٹ ورکس کی جگہ لینی شروع کردی ہے۔
پانچ سب سے بڑی میسیجنگ ایپس واٹس ایپ، فیس بک میسینجر، وائبر، وی چیٹ اور لائن کے مجموعی طور پر دنیا بھر میں 3 ارب اکاؤنٹس ہیں۔ صرف واٹس ایپ ہی کے ایک ارب صارفین ہیں۔
برطانیہ میں واٹس ایپ کا استعمال ساڑھے 27 منٹ ہے۔ اس کی پیرنٹ ایپ فیس بک کا استعمال واٹس اپ سے زیادہ ہے، جو 54 فیصد اینڈرائڈ فونز میں انسٹال ہے۔
مجموعی طور پر دنیا بھر میں اینڈرائڈ فونز میں انسٹال چار بڑی سوشل میڈیا ایپس کی تعداد میں 9 فیصد کمی بھی ہوئی۔