ترپن افراد ہلاک، پچاس سے زائد زخمی
کوئٹہ ۔ پاکستانی صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے سول ہسپتال میں ہونے والے خود کش دھماکے کے نتیجے میں 53 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف سمیت متعدد رہنماوں نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق آج صبح نامعلوم
افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے بلوچستان بار کونسل کے صدر ایڈووکیٹ بلال انور کاسی کی میت سول ہسپتال لائی گئی تھی۔سول ہسپتال میں وکلاء کی بھی اچھی خاصی تعداد موجود تھی کہ اس دوران ہسپتال کے شعبہ حادثات کے بیرونی گیٹ پر زور دار دھماکا ہوا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ، خودکش دھماکے کے نتیجے میں 53 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوئے۔دھماکے کے خودکش ہونے کی تصدیق بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کی ہے۔
بلوچستان کے وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری نے نجی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی۔انہوں نے الزام لگایا کہ دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے ایک غیر ملکی خفیہ ایجنسی کا ہاتھ ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ایک ایسے وقت میں یہ بیان دیا جبکہ ابھی دھماکے کی ابتدائی تحقیقات مکمل نہیں ہوئیں اور نہ ہی دھماکے کی وجہ کا تعین کیا گیا۔ ثناء اللہ زہری کا کہنا تھا کہ دھماکہ بظاہر خودکش لگتا ہے، تاہم پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ کوئٹہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔ ایک سینئر پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد وکلاء کی ہے جن میں بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر باز محمد کاکڑ بھی شامل ہیں۔
جائے وقوع پر موجود صحافی بھی دھماکے کی زد میں آئے، نجی نیوز چینل آج ٹی وی کے کیمرہ مین واقعے میں ہلاک جبکہ ڈان نیوز کے کیمرہ مین زخمی ہوگئے۔دھماکے کے بعد جائے وقوع پر فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ زیادہ زخمی ہونے والوں کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا جبکہ کم زخمی ہونے والوں کو سول ہسپتال میں ہی طبی امداد دی گئی۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان انوارالحق نے بتایا کہ غالب امکان یہی ہے کہ دھماکہ خودکش تھا، تاہم اس کی تصدیق سیکیورٹی فورسز ہی کریں گی۔ واقعے کی ذمہ داری ابھی تک کسی کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا۔
وزیراعظم نواز شریف نے کوئٹہ کے سول ہسپتال میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام اور سیکیورٹی فورسز نے بڑی قربانیاں دے کر بلوچستان میں امن قائم کیا ہے، کسی کو بھی صوبے میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے بھی کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی کوئٹہ میں دھماکے کی شدید مذمت کی۔