علماء اور انتظامیہ کے افسران سے مداخلت کی اپیل
لکھنؤ۔ اندرا نگر میں شیخ پور کسیلہ میںواقع مسجد کہنہ میں جانوروں کی قربانی کے تعلق سے ٹنگا ہوا بینر حلقہ کے چوکی انچارج اور شر پسند عناصر کی ملی بھگت سے اتارے وہاں کے مسلمانوں میں زبردست غم و غصہ ہے۔ مسجد کے ذمہ داروںنے اس زیادتی کی شکایت پولیس وانتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے بھی کی ہے لیکن اس سلسلہ میں ابھی تک کوئی کارروائی نہ ہونے سے صورت حال سنگین ہونے کا اندیشہ ہے۔ خاص طور سے اس وقت جب بقرعید سر پر ہے۔مسجد انتظامیہ نے عید گاہ عیش باغ کے امام مولانا خالد رشید فرنگی محلی اور ٹیلے والی مسجد کے امام مولانا فضل الرحمٰن واعظی کع خط بھیج کر اس مسئلہ کے حل کے لئے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو سے اپنے اثر و رسوخ کے استعمال کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اس صورت حال کے اصل ذمہ دار انسپکٹر ولیکھراج مارکیٹ کے انچارج نو ر الہدا خاں کو معطل کرنے یاپھر انکا تبادلہ کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مذکورہ مسجد کہنہ کے انتظامات کی ذمہ دار مسلم ویلفیر سوسائٹی کی جانب سے علماء کو ارسال خطوط میں کہا گیا ہے کہ اس مسجد میں گذشتہ ہچیس برس سے ہر سال بقرعید کے موقع پر بڑے جانوروں کی قربانی کا بینر ٹانگا جاتا ہے جو اس سال بھی سوسائٹی کی جانب سےگذشتہ18اگست کو مسجد میں ٹانگا گیا تھا۔ لیکن شر پسند عناصر نے پولیس کی ملی بھگت سے گذشتہ21اگست کو اس بینر کو وہاں سے ہٹا دیا۔انکا الزام ہے کہ اس حرکت میں لیکھراج پولیس چوکی اندرا نگر کا انچارج انسپکٹر نور الہدا خاں پوری طرح شامل ہے۔ اسی کی سرکردگی میں اس بینر کو پھاڑ کر پھینکا گیا۔ ان حرکتوں سے اندرا نگر کے مسلمانوں میں سخت غم و غصہ ہے لیکن سوسائٹی کے ذمہ دار حالات پر قابوکئے ہوئے ہیں۔ حالات کی سنگینی کے پیش نظر اس معاملہ اطلاع ضلع مجسٹریٹ، ایس ڈی ایم صدر، اور گازی پور تھانہ، اندرا نگر کے سرکل افسر کو دے دی گئی تاکہ حالات قابوب سے باہر نہ ہوں۔خطوط میں یہ بھی کہاگیا ہےکہ پولیس اور اکثریتی فرقہ کی جانب سے ایسی حرکات ان دنوں میں بھی نہیں ہوئیں جب اتر پردیش میں بی جے پی کی حکومت اور آر ایس ایس کا بول بالا تھا حالانکہ اس وقت سماج وادی پارٹی بر سر اقتدار ہے۔
مسلم ویلفیئر سوسائٹی کے ذمہ داروں نے مذکورہ علماء سے درخواست کی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں متعلقہ ارباب اقتدار اور انتظامیہ سے رجوع کریں ۔کیونکہ انکی بر وقت مداخلت مسئلہ کے حل کی ضامن رہے گی۔ سوسائٹی نے پہلے اقدام کے طور پر نور الہدا خاں انسپکٹر و چوکی انچارج لیکھ راج پولیس چوکی کو فی الفور و چوکی انچارج کو فی الفور معطل کرنے یا کہیں اور منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔کیونکہ اس صورت حال کا ذمہ دار پولیس کا یہی اہلکار ہے۔ضلع مجسٹریٹ کے نام تحریری شکایت میں سوسائٹی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ قربانی کا بینر ہٹوانے سے نمازیوں میں زبردست اشتعال ہے۔ انکا کہنا ہے کہ مسجد میں نماز جمعہ میں ہزاروں کا مجمع ہوتا ہے لہذا وہ انکے اشتعال کا جواب نہیں دے سکیں گے۔ سوسائٹی کی جانب سے ضلع مجسٹریٹ سے درخواست کی گئی ہے معاملہ کی سنگینی کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس سلسلہ میں جلد از جلد کارروائی کی جائے تاکہ علاقہ میں امن و امان قائم رہے۔