لکھنؤ : اکھلیش کے سامنے ملائم سنگھ یادو جھکنے کو تیار ہو گئے ہیں۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات کا بگل بجنے کے بعد حکمراں سماج وادی پارٹی میں اکھلیش یادو اور ملائم سنگھ کے درمیان جاری جنگ اب ختم ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلی اکھلیش یادو کے سامنے ملائم سنگھ نے سرینڈر کر دیا ہے۔ ایس پی سپریمو نے اکھلیش کی شرائط تسلیم کرلی ہیں ۔
ذرائع کے مطابق امر سنگھ اور چچا شیوپال کو لے کر اکھلیش نے جو شرط رکھی تھی ، ان کے سامنے ملائم سنگھ جھک گئے ہیں۔ جلد ہی امر سنگھ پارٹی کے تمام عہدوں سے استعفی دیں گے۔ اس کے ساتھ ہی شیو پال یادو بھی یوپی صدر کا عہدہ چھوڑدیں گے۔
قبل ازیں آج وزیر اعلی اکھلیش یادو نے لکھنؤ میں واقع اپنی سرکاری رہائش گاہ پر اپنے حامی اراکین اسمبلی اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اکھلیش نے ان سے پارٹی کے انتخابی نشان سائیکل پر دعوی ٹھونکنے کے لئے ضروری حلف نامہ پر دستخط کرائے۔ اکھلیش گروپ نے دعوی کیا ہے کہ اجلاس میں 200 سے زیادہ ممبران اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے اراکین نے اکھلیش کے حق میں حلف نامہ پر دستخط کئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اکھلیش اپنے مطالبات کو لے کر کسی بھی طرح کا سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ اسمبلی انتخابات کا اعلان ہو جانے کے باوجود اکھلیش پارٹی پر اپنا تسلط لگاتار بڑھاتے نظر آ رہے ہیں۔ ان کی ہدایت پر کل اعظم گڑھ، دیوریا، کشی نگر اور مرزاپور کے برخاست ایس پی ضلع صدور کو ‘بحال کر دیا گیا۔