نئی دہلی’ :کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر لال قلعہ سے کئے وعدوں کو پورا نہیں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ انہوں نے گذشتہ یوم آزادی پرخواتین اور کسانوں کو تحفظ دینے اور فرقہ وارانہ خیر سگالی کو فروغ دینے کی بات کہی تھی لیکن ان وعدوں کو پورا کرنے میں ان کی حکومت ناکام ثابت ہوئی ہے ۔
کانگریس کے ترجمان کپل سبل نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی لال قلعہ کی فصیل سے کہتے ہیں کہ لڑکیوں کو بھی لڑکوں کی طرح گھر سے باہر نکلنا چاہئے ۔ یہ تقریر سن کر خواتین کی سلامتی کے لئے ان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہوتا ہے لیکن ملک میں خواتین کے خلاف زیادتی کے واقعات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ ایسی صورت میں لال قلعہ کی فصیل سے کئے گئے وعدوں کی اہمیت کیا رہ جاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ خیر سگالی کی بات کرنے والی مودی حکومت کی اصلیت یہ ہے کہ اس سال اب تک فرقہ وارانہ تشدد کے 78واقعات ہوئے ۔اسی طرح سے سال2015 میں 751 فرقہ ورانہ تشدد کے واقعات ہوئے او رسال 2014 میں 644ایسے واقعات ہوئے تھے ۔ ان کے وزیر آگ اگلنے والے بیانات دے رہے ہیں۔
مسٹر سبل نے کہا کہ کسانوں کی مفادات کی بات کرنے والی مودی حکومت کے دور اقتدار میں2014 میں 2115 کسانوں نے خود کشی کی تھی جو 2015 میں بڑھ کر 2997 ہوگئی ہے ۔ حکومت کے اعدادو شمار کہتے ہیں کہ اس سال اب تک ملک میں 363 کسانوں نے خود کشی ہے لیکن مہاراشٹر کی بی جے پی حکومت کا کہنا ہے کہ صرف مراٹھ واڑہ کے آتھ اضلاع میں چارسو کسانوں نے خودکشی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ صحیح اعدادو شمار کیا ہے حکومت کو اس کے بارے میں بتانا چاہئے ۔