کلکتہ۔ ممتا بنرجی نے بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے خلاف ہزار اور پانچ سو نوٹوں پر پابندی کی وجہ سے لوگوں کو ہونے والی پریشانی پر مورچہ کھولتے ہوئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہوکر اس کا مقابلہ کرنے کی دعوت دی ہے ۔ممتا بنرجی نے اپنی حریف جماعت سی پی ایم کے ساتھ بھی مل کر اس کا مقابلہ کرنے کا اشارہ دیا ہے ۔ ریاستی سیکریٹریٹ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں تمام اپوزیشن پارٹیوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ متحد ہوجائیں اور اگر ضرورت پڑی تو میں سی پی ایم کے ساتھ نظریاتی اختلافات کے باوجود ساتھ میں کام کرنے تیار ہوں ۔
ممتا بنرجی نے اپنے سیاسی کیرئیر میں پہلی مرتبہ بی جے پی کے خلاف سی پی ایم کے ساتھ ہاتھ ملانے کا اشارہ دیا ہے ۔ممتا بنرجی نے مرکزی حکومت کے ذریعہ برپا معاشی بحران کانگریس ، عام آدمی پارٹی، بہوجن سماجوادری اور سماجوادی پارٹی کی مخالفت کا خیر مقدم کیا ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ مرکزی حکومت کا موقف غریب اور عوام مخالف ہے اس لیے اس کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ کلکتہ شہر میں مختلف بینکوں کا دورہ کرنے کے بعد ممتا بنرجی نے کہا کہ کالی پارٹی کی کالی حکومت چل رہی ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ حکومت کے پاس کوئی منصوبہ نہیں تھاکہ کس طرح لوگوں کی پریشانی کم کی جائے۔
ممتا بنرجی نے وزیر اعظم کے جاپان دورہ پر چٹکی لیتے ہوئے کہا کہ ملک کی عوام پریشان حال ہیں۔ در در کی ٹھوکر کھا رہی ہے اور ہمارے وزیر اعظم جاپان کے بلٹ ٹرین کا لطف لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایمرجنسی جیسی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’رو رہا ہے ہندوستان ۔آپ گئے جاپان ‘‘۔