لکھنؤ۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے سیٹیلائٹ کیمپس میں ایم اے عربی کا کورس پھر سے شروع ہونے کی امید ہے۔ یہ لکھنئو میں عربی زبان وادب کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لئے اچھی خبر ہے۔ کیمپس کے نئے انچارج ڈاکٹرعبدالقدوس نےکے مطابق کہ کیمپس میں ایم اے عربی کے ساتھ ایم فل اور پی ایچ ڈی کا کورس بھی جلد شروع ہونے کی امید ہے۔
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے لکھنؤ کیمپس میں ایم اے اردو اور فارسی کےعلاوہ انگریزی کی تعلیم دی جاتی ہے۔ کیمپس کے آغاز میں عربی کورس بھی شروع ہوا تھا لیکن یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ کی کم تعداد کا بہانہ بنا کر پچھلےسال عربی کورس کو ختم کر دیا تھا۔
انتظامیہ کے اس فیصلہ کی عربی پڑھنے والے طلبہ اور اساتذہ نے پرزور مخالفت کی تھی اور ای ٹی وی، اردو نے بھی طلبہ اور اساتذہ کی آواز کو اپنے چینل پر پرزور طریقہ سے اٹھایا تھا۔ نتیجتاً کیمپس میں عربی کورس بحال ہونے کی امید جاگی ہے۔ کیمپس کے نئے انچارج ڈاکٹرعبد القدوس نے کہا ہے کہ لکھنئو کیمپس میں ایم اے عربی کورس کو پھر سے بحال کئے جانے کی امید ہے۔
وہیں، مولانا آزاد اردو یونیورسٹی کے چانسلر ظفر سریش والا نے حال ہی میں لکھنؤ کیمپس میں توسیع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حالانکہ اس سمت میں ابھی کوئی ٹھوس پہل نہیں ہوئی ہے۔ تاہم لوگوں میں امید ضرور پیدا ہوئی ہے۔ ڈاکٹر قدوس نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ایم اے عربی کے ساتھ ایم فل اور پی ایچ ڈی شروع کرتی ہے تو یہ اردو، عربی اور فارسی پڑھنے والے طلبہ کے لئے ایک خوش آئند بات ہو گی۔