بی ایس ایف کی اب تک کی کارروائی میں تقریبا 15 پاکستانی فوجی ہلاک
کپواڑہ ، جموں و کشمیر کے ماچھل سیکٹر میں پاکستان کی جانب سے ہو رہی فائرنگ میں فوج کا ایک جوان شہید ہو گیا ہے ۔ کپواڑہ میں دہشت گردوں نے شہید ہونے والے جوان کی لاش مسخ کردی ۔ بتایا جا رہا کہ کپواڑہ میں شہید ہونے والا جوان 17 سکھ ریجمنٹ کا ہے ۔ دہشت گردوں کے فرار ہونے کے لئے پاکستانی فوجیوں نے کوور فائرنگ کی ۔ تاہم جوانوں نے ایک دہشت گرد کو مار گرایا ہے ۔
ادھر پاکستان کی فوج بین الاقوامی سرحد پر مسلسل فائرنگ کررہی ہے ، جس کا ہندوستانی فوج بھی معقول جواب دے رہی ہے ۔ جوابی کارروائی میں پاکستان کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔ اس درمیان خبر ہے کہ پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں پاکستان کی بھاری فائرنگ اور شیلنگ کا جواب دیتے ہوئے ہندوستانی فوج نے سوناریلی میں پاک فوج کی تین پوسٹیں تباہ کر دی ہیں ۔ اس جوابی حملے میں 6-7 پاک فوجیوں کے مارے جانے کی بھی خبر ہے ۔
بی ایس ایف کی اب تک کی کارروائی میں تقریبا 15 پاکستانی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں ۔ جبکہ دو درجن سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں ۔ بی ایس ایف کے مطابق فائرنگ میں پاکستان کے شنكرگڑھ ، نارووال اور چپرار علاقے میں کافی تباہی ہوئی ہے ۔
اس درمیان آج گریٹر نوئیڈا پہنچے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے جوانوں کی حوصلہ افزائی کی ۔ ہند تبت سرحدی پولیس کی ریجنگ ڈے پریڈ میں شامل ہونے پہنچے راج ناتھ نے پاکستان پر یہ کہہ کر نشانہ سادھا کہ پڑوسی ملک بزدلانہ ہے ، جو پیچھے سے حملہ کرتا ہے ۔ بہادر وہ نہیں ہوتا جو پراکسی وار کرتا ہے ، بہادر وہ ہے جو سینہ کھول کر لڑتا ہے ۔