لکھنؤ: الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے اترپردیش اسمبلی کی پٹی سیٹ کا الیکشن آج رد کر دیا۔
جسٹس اے این متل کی بنچ نے انتخابات میں بھاری بے ضابطگی پائے جانے پر اس کو رد کرنے کے ساتھ ساتھ اس وقت کے
حکام کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔
اسمبلی کے 2012 میں ہوئے عام انتخابات میں اعلان کئے گئے نتیجہ کے مطابق سماج وادی پارٹی کے رام سنگھ نے بھارتیہ جنتا
پارٹی کے راجندر پرتاپ عرف موتی سنگھ کو 156 ووٹوں سے شکست دی تھی۔ مسٹر موتی سنگھ نے ڈاک سے آئے ووٹوں کی
گنتی نہیں کئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے عدالت میں عرضی داخل کی تھی۔
عرضی گزار کا کہنا تھا کہ ڈاک سے آئے 955 ووٹوں کا حساب کئے بغیر حکام نے نتیجے کا اعلان کر دیا۔ حکام نے عدالت میں دلیل
دی کہ ڈاک سے آئے ووٹ 13 اے لفافے میں نہیں تھے اس لئے انکا شمار نہیں کیا گیا۔
عدالت نے حکام کی منطق کو مسترد کرتے ہوئے انتخابات کو منسوخ کر دیا۔
عرضی گزار کی جانب سے سینئر وکیل ششی پرکاش سنگھ اور پرشانت سنگھ اٹل نے بحث کی۔