زندگی کی جنگ ہار گیا
نئی دہلی۔ ڈینگو، ملیریا، چکن گنیا اور دوسری بیماری کے تئیں بیدار کرنے میں اپنے والد ڈاکٹر حبیب الرحمان کی مدد کرنے والا 12سالہ فرحان حبیب خود ڈینگو کا شکار ہوکراتوار کی صبح اس دنیا سے رخصت ہوگیا۔ پسماندگان میں والد، والدہ اور بہن ہیں۔ فرحان کو 11 اگست کو بخار آیا تھا جس کے بعد پرائیویٹ ڈاکٹروں سے علاج کرانے کے بعد16 اگست کو دہلی کے رام منوہر لوہیا اسپتال(آر ایم ایل) میں اسے داخل کرایا گیا تھا۔ اسی وقت سے وہ پیڈیاٹرک آئی سی میں زیرعلاج تھا۔علاج کے دوران اس کے کئی اعضا نے کام کرنا بند کردیا تھا اور پلیٹ لیٹ میں لگاتار کمی آرہی تھی۔ اتوار کی رات کو انہیں 107بخار آگیا تھاجو کسی طرح کم نہیں ہورہا تھا۔ آخر میں گردے نے بھی کام کرنا بند کردیا تھا۔
فرحان کے والد ڈاکٹر حبیب الرحمان نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے علاج میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔اس سے دو سال قبل فرحان کو ڈینگو بخار ہوا تھا لیکن دوبارہ ڈینگو بخار نے اس کی جان ہی لے لی۔ فرحان جو ہمدرد پبلک اسکول سنگم بہار میں ساتویں کلاس میں زیرتعلیم تھا، 13 اگست کو12سال کا ہوا تھا۔ لیکن وہ اس چھوٹی سی عمر میں دوسرے بچوں کے لئے مثال قائم کر گیا۔ وہ ہر قومی دن یعنی یوم جمہوریہ، یوم آزادی اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش دو اکتوبر کے موقع پر جامعہ نگر کے ابوالفضل انکلیو، بٹلہ ہاؤس اور ذاکر نگر میں صحت بیداری ریلی میں حصہ لیتا تھا۔ اپنے والد ڈاکٹرحبیب الرحمان کے ہیلتھ کیمپ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا تھا۔ وہ مریضوں اور عام لوگوں کو ڈینگو، چکن گنیا، ملیریا اور دوسری موسمی بیماری کے تئیں لوگوں کوبیدار کرنے کے لئے پمفلیٹ، پرچے اوراس سے متعلق دیگر چیزیں تقسیم کرتا تھا۔ وہ چھ سات کی عمرسے ہیلتھ کیمپ میں حصہ لیتا تھا۔ اس بار ڈینگو میں مبتلا ہونے کی وجہ سے ہیلتھ ریلی میں شریک نہیں ہوسکا تھا جس کا انہیں بے حد افسوس تھا۔
فرحان کے والد جو پیشے سے ڈاکٹر ہیں، صفدر جنگ اسپتال اور ایمس میں اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں،وہ صحت کے کا موں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ 2007سے جامعہ نگر کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں ہیلتھ کیمپ لگا کر بے سہارا مریضو ں کا مفت علاج کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس وقت دہلی میں ڈینگوایک وبا کی شکل لے چکا ہے اور ڈاکٹروں کی مانیں تو ہردن تقریباَ پانچ ہزار ڈینگو کے نئے مریض اسپتال میں آرہے ہیں۔ اسپتالوں کو دیکھ کرڈینگو کی سنگینی کااندازہ لگایا جاسکتا ہے۔