ریوا : مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع ہیڈکوارٹر میں واقع رانی تالاب میں مندر کے احاطے کے نزدیک آج اچانک غبارے میں گیس بھرنے والا سلنڈر پھٹنے سے چھ افراد زخمی ہوگئے جن میں تین کی حالت تشویشناک ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق مندر احاطے سے تقریباً تین سو فٹ دور غبارے میں گیس بھرنے والا ایک سلنڈر اچانک پھٹ گیا، جس سے نصف درجن افراد زخمی ہو گئے ۔زخمیوں میں تین کی حالت تشویشناک ہے ۔ تمام زخمیوں کو سنجے گاندھی سمرتی کلینک میں داخل کرایا گیا ہے ۔اس واقعہ کی وجہ سے مندر کے احاطے میں دیوی اسنان کے لئے جمع عقیدت مندوں میں افرا تفری پھیل گئی۔
ایڈیشنل کلکٹر ناگیندر مشرا نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے اس حادثہ میں شدید زخمی افراد کو 50-50 ہزار روپے اور معمولی طور پر زخمی لوگوں کو 25-25 ہزار روپے کی مالی مدد دی جائے گی۔وہیں پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔