گوہاٹی: آسام میں سیلاب کی صورتحال بدستور سنگین ہے ریاست کے 15 اضلاع میں ساڑھے چھ لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہیں۔
وزیراعلی سربانندہ سونووال نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد افسران کو راحت اور بچاؤ کا کام تیز کرنے کی ہدایت دی ہے دریں اثناء سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں فوج لگادی گئی ہے ۔
ریاست کے ڈبرو گڑھ،نماتی گھاٹ، تیز پور، گوپال پاڑہ اور ڈوبری اضلاع میں دریائے برہمپتر خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے ۔ بارش میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اس لئے صورتحال مزید بگڑنے کا امکان ہے ۔
افسران کے مطابق لوگوں کو عارضی پناہ فراہم کرنے کے لئے 70 سے زیادہ راحت کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ کیمپوں میں غذائی اشیاء ، بچوں کا دودھ، پینے کا پانی اور دوائیں فراہم کرائی جارہی ہیں۔
مسٹر سونووال نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد میٹنگ میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فرام کرانے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔