سو افراد ہلاک، متعدد شہری زخمی
شام میں جنگ بندی کے لیے امریکہ اور روس کی جانب سے منصوبے کے اعلان کے بعد باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں میں فضائی حملے کیے گئے ہیں جن میں کم سے کم 100 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ شامی حزبِ اختلاف کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ادلب میں ایک بازار پر حملے میں 60 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ حلب میں ہونے والے فضائی حملوں میں 45 لوگ مارے گئے ہیں۔ شام میں دس روزہ جنگ بندی پیر سے شروع ہونی ہے لیکن اس سے پہلے ہی جہادی عسکریت پسندوں کے خلاف یہ حملے کیے گئے ہیں۔ ترکی اور یورپی یونین نے جنگ بندی کے اس منصوبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس حوالے سے مزید اقدامات کی بھی ضرورت پر زور دیا تھا۔
جنگ بندی کا اطلاق پیر سے ہونا ہے
شام میں حزبِ اختلاف کی ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے منصوبے سے کچھ امید پیدا ہوئی ہے تاہم اس کی نوعیت کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کرنے کی ضرورت ہے کہ اسے کس طرز پر نافذ کیا جائے گا۔ریاستی خبر رساں ادارے صنعا نیوز کے مطابق دمشق میں حکومت نے اس منصوبے کی حمایت کی ہے لیکن ایران کی جانب سے اس بابت کوئی بیان نہیں آيا ہے۔ خیال رہے کہ روس کی طرح ایران بھی بشار الاسد کی حکومت کا حامی رہا ہے۔ سوئزرلینڈ کے شہر جنیوا میں مذاکرات کے بعد امریکہ اور روس نے شام میں 12 ستمبر کو غروب آفتاب سے جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ روس اور امریکہ کے درمیان مذاکرات میں طے کیا گیا کہ باغیوں کے کنٹرول والے مخصوص علاقوں کے خلاف شامی حکومت کارروائی نہیں کرے گی۔
پانچ برسوں سے جاری اس خانہ جنگی میں تین لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں
روس اور امریکہ کا مشترکہ سینٹر قائم کیا جائے گا جو اپنے آپ کو دولت اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم اور النصرہ کے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کرے گا۔ یہ منصوبہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے دوران ایک روزہ بات چیت میں طے پایا۔ شام میں باغیوں نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اس منصوبے پر عمل درآمد کرنے کو تیار ہے بشرطیکہ شامی حکومت بھی سنجیدگی دکھائے۔ شامی صدر کے حلیفوں روس اور ایران کی جانب سے کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ شام میں شورش کا آغاز پانچ سال پہلے صدر بشارالاسد کے خلاف بغاوت سے ہوا اور اب تک اس میں کم سے کم تین لاکھ سے زائد لوگ مارے جا چکے ہیں۔