لاہور۔ پیٹرسن سمیت چار کرکٹرز نے لاہور میں سپر لیگ کا فائنل نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے چار غیرملکی کرکٹرز نے سکیورٹی کے خدشات کے سبب لاہور نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں پانچ مارچ کو فائنل کھیلا جائے گا۔ ان کرکٹرز میں انگلینڈ کے کیون پیٹرسن، لیوک رائٹ، ٹائمل ملز اور نیوزی لینڈ کے نیتھن مک کلم شامل ہیں۔ کیون پیٹرسن پہلے پلے آف کے فوراً بعد انگلینڈ روانہ ہوگئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل جنوبی افریقہ کےرائلی روسو کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ لاہور جانے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے چار کھلاڑی کے لاہور نہ جانے کے بعد اب فائنل کے لیے اس فہرست میں سے غیرملکی کرکٹرز کا انتخاب کرنا ہوگا جو پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائز مالکان کے سپرد کی ہے۔
کوئٹہ نے پہلے پلے آف میں پشاور زلمی کو ایک رن سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی کمنٹری کرنے والے تین غیرملکی کمنٹیٹرز بھی لاہور نہ جانے کا فیصلہ کرچکے ہیں اور فائنل کی کمنٹری ٹیم رمیز راجہ، بازید خان اور وقاریونس پر مشتمل ہوگی۔ وقاریونس پی ایس ایل کے دبئی اور شارجہ میں کھیلے جانے والے میچز کی کمنٹری ٹیم میں شامل نہیں تھے۔