گاندھی جینتی کے موقع پر نتیش کمار کا اعلان
پٹنہ : بہار میں گاندھی جینتی کے موقع پر آج سے شراب پر پابندی سے متعلق نیا قانون نافذ ہو گیا ہے۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے یہاں ریاستی وزارتی کونسل کی ہوئی خصوصی میٹنگ کے بعد منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ ریاست میں شراب پر مکمل پابندی نافذ کر دی گئی ہے۔ مسٹر کمار پہلے ہی گاندھی جینتی کے موقع پر (02 اکتوبر) شراب پر بندی کا نیا قانون نافذ کرنے کا اعلان کر چکے تھے۔
مسٹر کمار نے کہا کہ شراب پر پابندی کے نئے قانون بہار شراب بندی و آبکاری قانون 2016 کو آج سے نافذ کر دیا گیا ہے اور اس بارے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں شراب بندی نافذ کرنے کا عہد کیا گیا۔ اس قانون میں شراب بندی کے خلاف ورزی کرنے پر سخت ضابطے بنائے گئے ہیں۔
وزیر اعلی نے کہا کہ مانسون اجلاس میں ہی دونوں ایوانوں سے اس سے متعلق بل کی منظوری ملی تھی اور اس کے بعد گورنر نے بھی اس پر مہر لگا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شراب بندی کے بعد لوگوں میں خاص طور پر خواتین میں جوش کا ماحول ہے۔ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی ریاست میں فوری طور پر شراب بندی کا نیا قانون موثر ہو گیا ہے۔
مسٹر کمار نے کہا کہ شراب بندی کے معاملے میں ریاستی حکومت پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے۔ جو عوامی بیداری شراب کے معاملے میں آئی ہے اسے آگے بڑھانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی عوامی بیداری کی علامت ہیں اور اسی لیے گاندھی جینتی کے دن بہار شراب بندی اور آبکاری ایکٹ 2016 مؤثر ہو گیا ہے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ریاستی حکومت پٹنہ ہائی کورٹ کے اس حکم کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرے گی جس میں بہار حکومت کے پانچ اپریل کے نوٹیفکیشن کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپیل میں جانے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے اس مدت میں حکومت کی طرف سے کئے گئے فیصلے اور بہت سے دوسرے معاملات پر اس کا اثر پڑے گا۔ مسٹر کمار نے کہا کہ شراب بندی نے بہار کی حالت اور سمت بدل دی ہے۔ ریاستی حکومت نے اس مہم کو سب کے تعاون سے شروع کیا اور اس سے ریاست میں امن اور ہم آہنگی کا ماحول پیدا ہوا ہے، جو محسوس کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چمپارن ستیہ گرہ کے سو سال اور مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش پر نیا قانون نافذ کر کے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ گاندھی جی شراب بندی کو معاشرے کے لئے انتہائی ضروری مانتے تھے اور انہی سے تحریک ملی ہے۔ وزیر اعلی نے بتایا کہ بہار میں مہم جاری رہے گی اور وہ ملک میں شراب بندی کو نافذ کرنے کی مہم چلاتے رہیں گے۔ شراب بندی ملک کے مفاد، سماج کے مفاد اور اپنے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت تمام لوگوں سے اس ایکٹ کی دفعات پر عمل کرنے کی توقع کرتی ہے۔