گوہاٹی۔ کالے دھن پر وزیر اعظم مودی کے سرجیکل اسٹرائک نے آسام میں لی دو لوگوں کی جان لے لی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے 500اور ایک ہزار کے نوٹوں کو بند کرنے کے اچانک اعلان سے آسام میں دو لوگ ذہنی طور پر اتنے پریشان ہوگئے کہ دل کا دورہ پڑنے سے ان کی جان ہی چلی گئی۔ انہیں ڈر تھا کہ انہوں نے روزمرہ کے استعمال کے لئے جو پیسہ گھر میں جمع کررکھا تھا وہ بے کار ہوگیا ہے۔ گوہاٹی کے کمار پاڑہ علاقہ میں رہنے والے دین بندھو نے منگل کے روز اپنی بیٹی کی شادی کے لئے اپنی زمین فروخت کی تھی۔
انہوں نے رقم اپنے گھر میں رکھی ہوئی تھی۔ رات کو نوٹ کالے دھن ہوجانے کی خبر ہونے کے بعد وہ بے حد گھبرا گیا۔ منگل کی شب وہ اپنی رقم جمع کرانے کے لئے ادھر سے ادھر اے ٹی ایم کے چکر لگاتا رہا مگر رقم جمع نہیں کرا سکا۔ ان کے کنبہ کے ممبران کے مطابق وہ بے حد بے چین ہوگیا اور بھوکا ہی سوگیا۔ صبح میں نہاتے وقت اسے دل کا دورہ پڑگیا اور موقع پر ہی اس نے دم توڑ دیا۔
اسی طرح کا واقعہ شو ساگر کے جیتو رحمان کے ساتھ پیش آیا۔ وہ بھی بڑے نوٹ بند ہونے کے اچانک اعلان سے گھبرا گئے اور دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی۔ دراصل اگلے دن اس کے بھائی کی شادی تھی جس کے لئے انہوں نے مختلف ذرائع سے تین لاکھ روپے نقد جمع کئے تھے اور گھر میں رکھے ہوئے تھے۔ وزیراعظم کا اعلان سننے کے بعد جیتو نے بنک کے اے ٹی ایم کے ذریعہ پیسہ جمع کرانے کی کوشش کی اور رات ڈھائی بجے تک پیسہ جمع نہیں کرا سکا۔ کنبہ کے لوگوں نے بتایا کہ وہ رات تین بجے گھر لوٹا اور سونے چلا گیا ۔ نیند کے دوران ہی اسے دل کا دورہ پڑا اور موت ہوگئی۔