ماسکو میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا کا کہنا تھا کہ امریکی سیاستداں کھلم کھلا کہہ رہے ہیں کہ اقوام متحدہ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں طاقت کی لابی دنیا بھر میں جنگ پسندانہ پالیسیوں کو آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا امریکہ کی جنگ پسندی، دروغ گوئی اور مفاد پرستی سے تنگ آچکی ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ماسکو سمجھتا ہے کہ بحران شام سمیت تمام مسلح تنازعات کو سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرنا چاہئے۔ ماریہ زاخارووا نے ایک بار پھر اپنے ملک کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ صدر بشار اسد کو ہٹایا گیا تو دہشت گرد شام پر قابض ہو جائیں گے جس سے خطے پر انتہائی تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔ روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ امریکہ، روس کے حوالے سے غیر منصفانہ پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اور اس نے اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کو اپنے خودسرانہ اقدامات پر عمل درآمد کا ذریعہ بنا رکھا ہے۔