نئی دہلی۔ پی ایم مودی کا واشنگٹن دورہ سال کے آخر میں ہوگا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اس سال کے آخر میں واشنگٹن کا دورہ کریں گے۔ اس بات کے اشارے وائٹ ہاؤس سے منگل کو ملے۔ وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر ٹرمپ کی شدید خواہش ہے کہ وہ اس سال کے آخر میں پی ایم مودی کی میزبانی کریں۔
بتا دیں کہ حال ہی میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کیا اور حالیہ اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی کو ملی جیت پر انہیں مبارک باد دی تھی۔ نئی امریکی انتظامیہ کے آنے کے بعد سے دونوں رہنماؤں نے تیسری بار ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔ ٹرمپ کی جانب سے مودی کو فون کئے جانے کے ایک دن بعد وائٹ ہاؤس نے کہا کہ امریکی صدر اس سال کے آخر میں ان کی میزبانی کو لے کر پرجوش ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے کل کہا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے بات کر انہیں ہندوستان میں ریاستی سطح کے حالیہ انتخابات میں ملی جیت کو لے کر مبارک باد دی۔ اس دوران صدر ٹرمپ نے وزیر اعظم کے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے کے تئیں اپنی حمایت کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کے لوگوں کا وہ پورا احترام کرتے ہیں۔
اس سے پہلے دن میں وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری سین اسپائسر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ٹرمپ نے مودی اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل کو انتخابات میں ان کی جیت پر مبارکباد دی۔