لکھنو : مختار انصاری کی قومی اتحاد پارٹی کا بہوجن سماج پارٹی میں انضمام ہو گیا ہے۔ بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے مختار انصاری کو پارٹی میں شامل کرتے ہوئے مئو صدر سیٹ سے امیدوار بنائے جانے کا اعلان کیا ۔ مایاوتی نے ساتھ ہی مختار کے بیٹے اور بین الاقوامی کھلاڑی عباس انصاری اور بھائی صبغت اللہ انصاری کو بھی ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ۔
اس دوران مایاوتی نے واضح طور پر کہا کہ ان کے خلاف درج زیادہ تر مقدمے بدنیتی پر مبنی ہیں اور كرشنانند رائے قتل میں ملوث ہونے کا آج تک کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔لکھنؤ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ میری حکومت میں کسی نے بھی کچھ بھی غلط کام کرنے کی کوشش کی ، تو میں نے اسے جیل بھجوایا ۔ حکومت بننے پر آگے بھی اسی طرح کی سختی برتی جائے گی۔
مایاوتی نے کہا کہ اپنی حکومت کے دوران میں نے مجرموں کی بری صحبت میں پڑے لوگوں کو بھی سدھارنے کی پوری کوشش کی۔ یہ بھی خیال رکھا کہ کسی بھی معاشرے یا کسی بھی مذہب کے بااثر شخصیت کو اس کے کسی مخالف کی طرف سے زبردستی سنگین الزام لگا کر جیل بھجوا دیا گیا ہے، تو انہیں انصاف دلانے کی میری پوری کوشش کی ۔اس کی واضح مثال مختار انصاری کا کنبہ ہے۔ ان کے خلاف لوگوں نے سازشا مقدمے درج کرائیں اور انہیں سیاسی طور پر ختم کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ وقت پہلے یہ بی ایس پی میں آئے تھے ، لیکن بعد میں انہوں نے سماج وادی پارٹی کے دباؤ میں پارٹی چھوڑ دی تھی، اب انہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا ہے ، اس لئے انہیں بی ایس پی میں دوبارہ شامل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختار انصاری کنبہ کو كرشنانند رائے کے قتل سے جوڑ کر دیکھا جاتا ہے۔ یہ واقعہ 2002 میں ایس پی حکومت کے دوران پیش آیا تھا، کئی سال گزر گئے ، معاملے کی جانچ سی بی آئی کر رہی ہے ، لیکن آج تک کوئی پختہ ثبوت ان کے خلاف پیش نہیں کیا جا سکا ہے، اسی کے پیش نظر میں انہیں پارٹی جوائن کروا رہی ہوں۔