میرٹھ ۔ میرٹھ میں تین مدارس کے 29 اساتذہ کو گزشتہ دو ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ہے۔ تعلیم کے پیشے سے جڑے مدرسوں کے اساتذہ کو ان دنوں خاصی مشکل کے دور سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ ان کو دو ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ہے حالانکہ ذمہ دار افسران نےاس معاملہ پر جلد بل منظوری کی یقین دہانی کرائی ہے۔ میرٹھ میں ڈپٹی ڈائریکٹر اقلیتی فلاح کے ساتھ ضلع اقلیتی افسر کی ذمہ داری بھی انجام دے رہے افسر کو تین ماہ قبل انکی خدمات سے دستبردار کر دیا گیا تھا اور اس کے بعد سے ہی مدارس کے اساتذہ اپنی تنخواہ کو لیکر پریشان ہیں ۔ یو پی مدرسہ بورڈ سے منسلک میرٹھ میں تین مدارس کے 29 اساتذہ کو گزشتہ دو ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ہے ۔
تنخواہ نہ ملنے سے میرٹھ کے مدرسہ ملازمین جہاں معمولات زندگی کے اخراجات کو لیکر پریشان ہیں وہیں محکمہ اقلیتی فلاح کی اضافی ذمہ داری انجام دے رہے ضلع پروبیشن افسر کے مطابق انکم ٹیکس ریٹرن کی کاغذی کاروائی کے وجہ سے کچھ بل زیر التوا ہیں لیکن زیادہ تر بل کی منظوری ہو چکی ہے جلد ہی تنخواہ ملازمین کے کھاتوں میں پہنچ جائیگی۔