مکہ مکرمہ : حج کے مقدس فریضہ کی ادائیگی کے دوران مکہ مکرمہ میں سال رواں پہلی بچی کی پیدائش ہوئی ہے۔ اس بچی کا تعلق افغانستان سے ہے۔ بچی کی پیدائش اتوار اور پیر کی درمیانی شب میں منی کے ایک اسپتال میں ہوئی ۔ رواں سال حج کے سیزن میں پہلی بچی کی پیدائش ہوئی ہے ۔ اس کا نام بھی مِنى رکھا گیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت صحت نے اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر نومولود افغان بچی کی اطلاع دیتے ہوئے تصویر بھی جاری کی ہے۔
خیال رہے کہ آج تمام حاجی رمی جمرات اور قربانی کے ساتھ ساتھ دیگر مناسک ادا کرنے میں مصروف ہیں۔ کل صبح سے ہی حجاج کرام میدان عرفات میں جمع ہونا شروع ہوگئے تھے اور دن اسی میدان میں گزرا جہاں امام کعبہ نے حجاج کرام کے سامنے خطبہ حج پیش کیا۔ چونکہ وقوف عرفات کو حج کا بنیادی رکن کہا جاتا ہے۔ اس لیے حجاج کرام رکن اعظم کی ادائیگی کے بعد شام کو مزدلفہ کی طرف روانہ ہوئے جہاں انہوں نے مغرب اور عشاء کی نمازیں قصر کی صورت میں ایک ساتھ ادا کیں۔
سعودی عرب کی طرف سے حجاج کرام کی سلامتی اور حفاظت کے لیے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ حجاج کرام کی فضائی نگرانی کے لیے ہیلی کاپٹروں کے ساتھ ساتھ جدید کیمروں سے لیس ڈرون بھی فضاء میں موجود ہیں جو ریموٹ کنٹرول کی مدد سے مشاعر میں حجاج کرام کی نگرانی کررہے ہیں۔ درایں اثناء مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے حج کی احسن تکمیل پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے توقع ظاہر کی ہے کہ سیکورٹی پلان کی حج کے تمام مراحل میں کامیابی کے بعداللہ کے مہمان بہ حفاظت اور پرسکون حج کی ادائی کے بعد اپنے اپنے ملکوں کو واپس جائیں گے۔