جموں : جموں کے پونچھ ضلع میں اتوار کی صبح شروع ہوا انکاونٹر اب تک جاری ہے ۔ عمارت میں چھپے دہشت گرد اب بھی وقفے وقفے سے فائرنگ کر رہے ہیں ۔ دیر رات بارش ہونے کی وجہ سے فوج کو آپریشن چلانے میں کافی مشکل پیش آئی ۔ اب تک اس آپریشن میں 3 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک جوان بھی شہید ہوا ہے ۔ دہشت گردوں کی جانب سے مسلسل ہو رہی فائرنگ کے بعد فوج کو یہ سمجھ آ گیا کہ دہشت گردوں کے پاس بھاری مقدار میں گولہ بارود موجود ہے اور یہ آپریشن طویل چل سکتا ہے ۔ اس کے بعد فوج نے ہیلی کاپٹر کی مدد سے پیرا کمانڈو کو موقع پر بھیج دیا ہے ۔ علاوہ ازیں ڈرون کا بھی سہارا لیا جا رہا ہے ۔ اتوار کو سورج ڈھلنے کے بعد فوج نے یہاں روشنی کے انتظامات کئے ، تاکہ دہشت گرد تاریکی کا فائدہ نہ اٹھا سکیں ۔اس جگہ سے 200 میٹر کے فاصلے پر ہی آرمی کا برگیڈ ہیڈ کوارٹر ہے ۔ دہشت گرد اسی کو نشانہ بنانا چاہ رہے تھے ۔
پولیس نے بتایا کہ فوج کے 93 بریگیڈ کواٹر کے نزدیک ایک زیر تعمیر عمارت سے فائرنگ کر رہے دہشت گردوں کو سیکورٹی فورسز نے عمارت میں گھس کر مار گرایا ۔ پونچھ میں صبح سے جاری اس تصادم میں ایک جوان شہید ہو گیا جبکہ ایک ایک شہری زخمی بھی ہوا ہے ۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے عمارت میں چھپ کر فائرنگ کر رہے دہشت گردوں کے خلاف شام میں آر پار کی جنگ شروع کی اور دہشت گردوں کے بھاگ نکلنے کے سارے راستوں پر ناکہ بندی کر دی ۔