جیٹلی نے کہا آئے گی بڑی تبدیلی
نئی دہلی۔ ایک طویل عرصہ سے زیر التوا جی ایس ٹی ترمیمی بل آج آخر کار راجیہ سبھا میں پیش کر دیا گیا۔ یہ بل 6 ترامیم کے ساتھ راجیہ سبھا میں پیش کیا گیا۔ فی الحال راجیہ سبھا میں جی ایس ٹی بل پر بحث ہو رہی ہے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے جی ایس ٹی کو ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے اہم بتاتے ہوئے کہا کہ اس سے بڑی تبدیلی آئے گی۔ یہ اب تک کا سب سے سخت اقتصادی اصلاحات ہے کیونکہ اس سے پورے ملک میں ایک جیسا ٹیکس نظام نافذ ہو گا۔ جی ایس ٹی پر زیادہ تر جماعتوں میں اتفاق رائے کے بعد ہی اسے راجیہ سبھا میں پیش کیا گیا ہے۔ ہم نے تنازعہ نمٹانے کے لئے ریاستوں کو زیادہ حقوق دیے ہیں۔
وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آگے کہا کہ جی ایس ٹی بل کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ یہ ہندوستان کو ایک جیسی مارکیٹ میں بدل دے گا۔ یہ ریاستوں کو اور مضبوط بنائے گا۔ اس سے ریاستوں کی آمدنی کے ساتھ ساتھ مرکز کی آمدنی میں بھی اضافہ ہو گا۔ ساتھ ہی یہ یقینی کرے گا کہ ‘ٹیکس پر کوئی ٹیکس نہیں’ لگے گا۔وہیں اس سے پہلے کانگریس اور حکومت کے درمیان جی ایس ٹی بل پر اتفاق رائے ہوا۔ کانگریس کے پالیسی سازوں کی میٹنگ میں جی ایس ٹی کو حمایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ کانگریس لیڈر آنند شرما نے ارون جیٹلی کو حمایت کی معلومات دی تھی۔ جی ایس ٹی بل پر غیر کانگریسی حزب اختلاف کے ساتھ بھی کافی حد تک اتفاق رائے ہو گیا تھا۔ لیفٹ نے بھی جی ایس ٹی بل کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا۔ راجیہ سبھا میں پاس ہونے کے بعد اس بل کو دوبارہ لوک سبھا میں بھیجا جائے گا۔