جمائکا۔ یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے والے پاکستان کے پہلے بیٹسمین۔ پاکستان کے مایہ ناز بیٹسمین یونس خان پاکستان کے پہلے بلے باز بن گئے جنھوں نے ٹیسٹ میں 10 ہزار رنز سکور کیے ہیں۔ یونس خان جو ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے کریئر کی آخری سیریز کھیل رہے ہیں کو کنگسٹن میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے 23 رنز درکار تھے۔ 39 سالہ یونس خان ٹیسٹ کی تاریخ میں 13 ویں کھلاڑی ہیں جنھوں نے 10 ہزار رنز سکور کیے ہیں۔
یونس خان نے محتاط بیٹنگ کی اور 84 گیندوں میں 23 رنز سکور کر کے اپنے 10 ہزار رنز مکمل کیے۔ یونس خان کا نام حال ہی میں وزڈن کے سال کے پانچ بہترین کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا۔ یونس خان نے ایک ویڈیو پیغام میں اس کامیابی کو ’فیملی، والدین اور باب وولمر کے نام‘ کیا ہے۔ ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہا ’یہ صرف میری نہیں پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔‘
پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان نے 26 فروری سنہ 2000 کو اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا اور اپنے پہلے ہی میچ کی دوسری اننگز میں ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے انھوں نے 107 رنز کی اننگز کھلی تھی۔ اس کے علاوہ انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ٹرپل سنچری اور پانچ ڈبل سینچریاں بھی سکور کی ہیں جبکہ دو مرتبہ وہ 190 سے زائد سکور کرنے کے بعد ڈبل سینچری مکمل نہ کر سکے۔
ان کا سب سے زیادہ سکور 313 ہے جو انھوں نے 2009 میں سری لنکا کے خلاف کیا۔ یہ سکور پاکستان کی جانب سے کسی بھی کھلاڑی کا تیسرا سب سے زیادہ سکور ہے۔ پہلے نمبر پر حنیف محمد ہیں 337 رنز کے ساتھ اور دوسرے نمبر پر انضمام الحق 329 رنز کی اننگز کے ساتھ ہیں۔
یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ انھوں نے انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25 سینچریوں کا ریکارڈ بھی توڑا۔ یونس خان اپنے ٹیسٹ کیریئر میں صرف ایک ہی بار ‘نروس نائنٹیز’ کا شکار ہوئے جب سنہ 2001 میں نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 91 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے تھے تاہم اسی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انھوں نے 149 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
یونس خان کرکٹ کی تاریخ واحد بیٹسمین ہیں جنھوں نے تمام ٹیسٹ پلیئنگ نیشنز سمیت 11 ممالک میں سینچریاں کی ہیں۔ یونس خان نے 13 فروری 2000 کو بین الاقوامی کیرئر کا آغاز کراچی میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز سے کیا جہاں انھوں نے 46 رنز بنائے تھے۔
یونس خان نے 265 ایک روزہ میچ کھیل کر 7249 رنز بنائے ہیں جن میں سات سینچریاں اور 48 نصف سینچریاں شامل ہیں۔ ایک روزہ کرکٹ میں ان کا بہترین سکور 144 رنز ہے جو انھوں نے کولمبو میں ہانگ کانگ کے خلاف سنہ 2004 میں بنایا تھا۔ یونس خان نے نومبر 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ایک روزہ سیریز کے دوران ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔