مئو۔ یوپی کے مؤ ضلع میں ضلع انتظامیہ نے فرضی طریقے سے چل رہے 14 مدرسوں کی منظوری منسوخ کر دی ہے۔
سماجی فلاح و بہبود کے افسر وجے پرتاپ سنگھ نے یہاں بتایا کہ اقلیتی فلاح و بہبود کے سکریٹری کے ذریعہ ریاست کے تمام اضلاع میں مدارس کی تحقیقات کے لئے تمام ضلع مجسٹریٹ کو خط بھیجا گیا تھا۔ اس کے بعد مؤ ضلع کے ضلع مجسٹریٹ نکھل چند شکلا نے ٹیموں کی تشکیل کرکے مدارس کی تحقیقات کا حکم جاری کیا تھا۔
مسٹر سنگھ نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ کے حکم کے بعد تشکیل کردہ ٹیموں کی طرف سے ضلع کے 286 مدرسوں کی جانچ کی گئی۔
انکوائری رپورٹ آنے کے بعد اقلیتی سماجی فلاح و بہبود محکمہ نے ضلع میں 14 مدرسوں کو فرضی پایا اس لئے ان کی منظوری منسوخ کرتے ہوئے 14 مدرسوں کے رجسٹریشن کو رد کر دیا جبکہ چھ مدرسوں کی تنخواہ روک دی گئی ہے۔