بنگلورو۔ کرناٹک کے مسلمانوں نے ایک مثال قائم کرتے ہوئے حکومت کے تعاون کے بغیر وقف املاک کے تحفظ کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ وقف جائیدادوں کی ترقی کے لئےعام طورپر وقف ادارے حکومت یا وقف بورڈ کےمالی تعاون کا انتظار کرتے رہتے ہیں ، لیکن کرناٹک کے ایک شہر میں مسلمانوں نےاپنی مدد آپ کرتے ہوئے وقف جائیدادوں کے تحفظ اورترقی کا بیڑا اٹھایا ہے۔
بنگلوروکے قریب واقع کولارگولڈ فیلڈ سونے کی کان کے لیےمشہورہے۔ اس شہرمیں مسلمانوں کی قابل لحاظ آبادی موجودہے۔ یہاں مساجد، درگاہ، عیدگاہ اوراسکول سمیت وقف کی 30 سے زائد بڑی جائیدادیں ہیں۔
شہرمیں موجودعید گاہ کی حصاربندی کےبعد یہاں کےلوگ راحت محسوس کررہے ہیں ،کیونکہ حصاربندی سےقبل یہ عیدگاہ غیرقانونی سرگرمیوں کا مرکزبن چکا تھا۔ اسی طرح شہرکا قدیم اردواسکول بھی ناجائزقبضوں کا شکارہوا تھا ، لیکن مقامی لوگوں میں جب شعور بیدار ہوا ، توصاحب خیرافراد کے مالی تعاون سے یہاں وقف جائیدادوں کی حفاظت اوراُن کی ترقی کا کام شروع ہوا۔