جون پور: اترپردیش میں جون پور ضلع کے بکسا علاقہ میں کل رات ریلوے پھاٹک نہ کھولنے پر موٹر سائیکل پر سوار چار بدمعاشوں نے گیٹ مین کے ساتھ مار پیٹ کی۔ اس معاملہ میں چار لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا ہے کہ رات قریب 10 بجے بکسا علاقہ کے لکھیم پور گاؤں کے پاس ریلوے لائن کے گیٹ نمبر 16 کو ٹرین آنے سے پہلے گیٹ مین جے رام نے بند کردیا تھا۔ اس وقت دو موٹر سائیکلوں پر چار لوگ شراب کے نشہ میں دھت ہوکر وہاں پہنچے اور گیٹ کھولنے پر اصرار کرنے لگے گیٹ میں جے رام نے ٹرین کے گزرنے سے قبل گیٹ کھولنے سے انکار کردیا ۔ اس پر لوگوں نے گیٹ مین کے ساتھ مارپیٹ شروع کردی۔گیٹ مین کے واقعہ کی اطلاع بکسا کے اسٹیشن ماسٹر کو دی۔ جس کی اطلاع پر بکسا کے تھانیدار اروند پانڈے موقع پر پہنچے اور زخمی گیٹ مین کو طبی جانچ کے لئے ہسپتال بھجوایا۔ اس معاملہ کی جانچ کی جارہی ہے ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ اتل سکسینہ نے کہا ہے گیٹ مین کے ساتھ مارپیٹ کرنے والوں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا ۔ پولیس انہیں تلاش کررہی ہے ۔