بہرائچ: نیپال کی وادیوں میں ہورہی شدید بارش سے اتر پردیش کے بہرائچ ضلع میں آج گھاگھرا ندی میں زبردست طغیانی ہے اور ایلگن برج پر ندی خطرے کے نشان سے 62سینٹی میٹر اوپر بہہ رہی ہے ۔مرکزی آبی کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ آج دوپہر تک گھاگھرا ندی کی آبی سطح106.696میٹر ماپی گئی جبکہ خطرے کا نشان 106.07میٹر ہے ۔نیپال کے پہاڑوں پر مسلسل ہورہی بارش کے پیش نظر لاکھوں مکعب پانی سرجو ندی کے راستے کل رات بہرائچ پہنچ گیا ہے ۔اس کے پیش نظر مہسی ،قیصر گنج اور نان پارہ تحصیل کے سیکڑوں گاؤں سیلاب کی زد میں آچکے ہیں ۔لوگ اپنے گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں ۔آبی سطح میں مسلسل اضافہ ہونے سے حالات بگڑتے جارہے ہیں ۔دوسری جانب بستی ضلع میں بھی گھاگھرا ندی خطرے کے نشان سے 12سینٹی میٹر اوپر بہہ رہی ہے جس سے 30سے زیادہ گاؤں سیلاب سے متاثر ہوگئے ہیں ۔
سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ گھاگھراندی کی آبی سطح خطرے کے نشان سے 92.730میٹر کو پارکر کے 92.850میٹر پر بہہ رہی ہے جوخطرے کے نشان سے 12سینٹی میٹر اوپر ہے ۔ندی کی آبی سطح بڑھنے سے وکرجوت لولپور باندھ پر کلیان پور اور گوریاناراین کے نزدیک پانی کا بہاؤ تیز ہوگیا ہے ۔اس کے علاوہ ندی سہ جورا پاٹھک ،باگھانالا،بھرتھاپور ،کیشو پور،پڑاو کے نزدیک تیزی سے کٹاؤ ہو رہا ہے ۔اس سے 500سے زیادہ گھروں کے متاثر ہوجانے کاخطرہ پیدا ہوگیا ہے ۔اسی درمیان سوویکا بابو گاؤں چاروں طرف سے پانی سے گھر گیا ہے ۔سڑک سے گاؤں کا رابطہ ٹوٹ چکا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ گاؤں میں بچاؤ اور راحت کاکام جار ی ہے ۔ریاست کے آبکاری ،نوجوانوں کی ترقی ،کھیل کود کے وزیر مملکت رام کرن آریا نے سیلاب سے متاثر علاقوں کا دورہ کرکے راحت اور امداد مہیا کرانے اور باندھوں کی حفاظت کے کام میں تیزی لائے جانے کی ہدایت دی ہے ۔ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نریندر سنگھ پٹیل اور پولیس سپرینٹنڈنٹ کرپاشنکر سنگھ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے ریوینیو ،پولیس اور سیلاب بلاک افسروں اور ملازمین کو باندھوں کو بچانے اور شہریوں کی حفاظت کے تئیں محتاط رہنے کی ہدایات دی ہیں۔