کولکاتہ : مغربی بنگال میں دارجلنگ کے چار بلدیات سمیت مغربی بنگال میں سات نگر نگموں کے لیے اتوار کی صبح سے ووٹنگ جاری ہے ۔ جن سات نگر نگموں میں انتخابات ہورہے ہیں ان میں پہاڑی علاقے کے دارجلنگ ، كرسيانگ، كلمپونگ اور مريك شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں مرشدآباد کے ڈومكل ، جنوبی 24 پرگنہ کے پجالی اور شمالی دیناپور کے رائے گنج میں انتخابات ہورہے ہیں۔ .
نیوز 18 بنگلہ کی خبر کے مطابق انتخابات کے دوران چھپا کر رکھے طمنچوں سے ووٹروں کو ڈرانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ تصاویر سامنے آئی ہیں ۔ بوتھ کیپچرکی بھی شکایات موصول ہوئی ہیں ۔
رائے گنج وارڈ نمبر 18 میں ترنمول کانگریس کے خلاف ہنگامہ کیا گیا ، الزام ہے کہ اس کے بعد کارکنوں نے بوتھ کیچرکرنے کی کوشش کی ۔ کافی ہنگامے کے بعد ووٹنگ کا عمل روک دیا گیا ۔ ہنگامے سے نمٹنے کے لئے پولیس کو لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا ۔ یہاں سے کانگریس امیدوار کے بابا جیمنی ساہا کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
خیال رہے کہ دارجلنگ ضلع میں ترنمول، جے این ایل ایف اتحاد اور گورکھا جن مکتی مورچہ بی جے پی اتحاد کے درمیان براہ راست مقابلہ ہے ۔ آج کا انتخاب یہ فیصلہ کرے گا کہ پہاڑی علاقے پر کون راج کرے گا ۔ یہ گزشتہ ایک دہائی سے جی جے ایم کا گڑھ ہے ۔ وہیں ڈومكل انتخابات میں مقابلہ ٹی ایم سی اور کانگریس ایم سی پی اتحاد کے درمیان ہے جبکہ پجالی اور رائے گنج میں بھی ٹی ایم سی کو سی پی ایم کانگریس سے بھی چیلنج کا سامنا ہے ۔