نئی دہلی۔ کولکتہ میں بی جے پی کے دفتر پر ہجوم نے حملہ کیا ہے۔ بی جے پی نے الزام لگایا ہے کہ یہ حملہ ٹی ایم سی کے کارکنوں نے کیا ہے کیونکہ ٹی ایم سی کے کارکن سدیپ بندوپادھیائے کی گرفتاری سے ناراض ہیں۔
اس حملے میں بہت سے لوگوں کو چوٹیں بھی آئی ہیں۔ آپ کو بتا دیں کہ روز ویلی اسکیم میں سی بی آئی نے سدیپ بندوپادھیائے کو گرفتار کیا ہے، جس کے بعد اس حملے کو اس کے رد عمل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ سدیپ بندوپادھیائے کو سی بی آئی نے روز ویلی چٹ فنڈ کیس میں گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سدیپ بندوپادھیائے کو آج صبح سی بی آئی نے پوچھ گچھ کے لئے بلایا تھا۔
کئی گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد سی بی آئی نے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے حوالے سے یہ بھی خبر ہے کہ سی بی آئی سدیپ بندوپادھیائے کو بھونیشور لے جا سکتی ہے۔
تاہم، سی بی آئی نے اب تک سدیپ بندوپادھیائے کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی ہے۔ سی بی آئی کا کہنا ہے کہ سدیپ کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے، سدیپ سے صرف پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
روز ویلی معاملے میں سی بی آئی پہلے ہی ٹی ایم سی کے ایم پی تاپس پال کو گرفتار کر چکی ہے۔ سدیپ بندوپادھیائے کی گرفتاری کو ممتا بنرجی کے لئے بہت بڑا دھچکا مانا جا رہا ہے۔
اس معاملے میں بی جے پی لیڈر سدھارتھ ناتھ سنگھ نے کہا کہ سی بی آئی اپنا کام کر رہی ہے۔
سپریم کورٹ نے یہ حکم اس لیے دیا کیونکہ بنگال پولیس نے ٹھیک سے کام نہیں کیا۔ ضرورت پڑی تو سی بی آئی اور گرفتاریاں کر سکتی ہے۔ ممتا جی کو سمجھنا چاہئے کہ بنگال کے غریب لوگوں کی رقم کا غبن کیا گیا ہے۔ کیا وجہ ہے کہ ٹی ایم سی کے ہی لیڈر کا ہاتھ پایا گیا۔ ممتا جی ڈر رہی ہیں کہ جانچ کی آنچ ان تک نہ پہنچے۔