انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرکے مشرق وسطیٰ میں تباہ پھیلانے والا بم گرا دیا ہے۔ استنبول میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ بیت المقدس کا دفاع پوری امت مسلمہ کا دفاع ہے۔ اگر ہم بیت المقدس کا تحفظ نہ کرسکے تو تمام عالم اسلام کے دارالحکومت خطرے میں رہیں گے۔
اگر بیت المقدس ہاتھ سے گیا تو مسلمان قبلہ اول سے محروم ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینا کوئی معمولی بات نہیں۔ امریکی اعلان میں بیت المقدس کے ذریعے مشرق وسطیٰ اور پورے عالم اسلام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بیت المقدس کے بارے میں امریکی صدر کا اعلان عالم اسلام کی آزمایش کا ایک تجربہ ہے۔