ساگر : ساگر شہر میں ایک فیس بک پر ایک مخصوص طبقہ کے مذہب پر قابل اعتراض تبصرہ کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے ہیں ۔ پولیس اور مشتعل لوگوں کے درمیان کئی مرتبہ جھڑپ بھی ہوئی ۔ پولیس نے مشتعل ہجوم پر قابو حاصل کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے کا استعمال کیا ، جس کے بعد حالات قابو میں آئے۔
اطلاعات کے مطابق ایک نوجوان نے ایک مخصوص طبقہ کے خلاف فیس بک پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا، جس کے بعد شہر کے صدر علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔ بڑی تعداد میں لوگوں نے تبصرہ کرنے والے نوجوان کا گھر گھراو کر لیا۔
اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے مشتعل لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کی، لیکن حالات بگڑتے دیکھ پولیس نے مشتبہ نوجوان کو حراست میں لے لیاگیا ۔ اس دوران مشتعل ہجوم نے صدر علاقے میں نعرے بازی اور پتھراؤ شروع کر دیا، جس کے بعد صدر علاقہ کی دکانیں بند ہو گئیں۔
تاہم پولیس کے ذریعہ پورے معاملے کی منصفانہ جانچ اور ملزم کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی اور ملزم کوفوری طور پر حراست میں لئے جانے کے بعد مشتعل لوگوں کا غصہ کچھ کم ہوا اور حالات قابو میں آئے ۔