بریلی۔ ان دنوں ایک ساتھ تین طلاق دینے کا مسئلہ پورے ملک میں گرم ہے۔ اسی درمیان بریلی کے تھانہ حافظ گنج علاقے میں رہنے والے ایک شخص نے اپنی بیوی کو صرف اس بات کے لئے طلاق دے دیا کیونکہ بیوی نے شوہر کو چوری کرنے سے روکا تھا۔ اپنے شوہر کو چوری کی عادت سے باز رکھنے کی تلقتین کی ایک خاتون کو اتنی بڑی سزا ملے گی، اس نے کبھی یہ سوچا بھی نہ ہو گا۔ اب اس معاملہ میں ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔ شبنم اپنی بیٹیوں کے ساتھ میکے چلی گئی ہے۔ شبنم کے سامنے بیٹیوں کی پرورش سے لے کر ان کی شادیوں کی ذمہ داری بھی سامنے کھڑی ہے۔ اسے سمجھ میں نہیں آ رہا ہے کہ ایسے میں وہ کیا کرے۔ علماء بھی اس معاملے میں شوہر-بیوی کے درمیان مفاہمت کے لئے شرعی حل نکالنے کی کوشش میں جٹ گئے ہیں۔
بریلی شہر سے قریب پچیس کلومیٹر دورواقع قصبہ حافظ گنج میں یوں تو تعلیم يافتہ لوگوں کی تعداد بہت زیادہ ہے لیکن ان دنوں ایک خاص وجہ سے یہ سرخیوں میں ہے۔ آزاد نام کا ایک شخص جو پیشہ ور چور ہے۔ حال ہی میں اس نے ایک دکان سے موبائل چوری کر لی۔ اس کی بیوی شبنم کو جب یہ بات معلوم ہوئی تواس نے اپنے شوہر کو چوری کو گناہ بتاتے ہوئے اسے ایسا کرنے سے روکا۔ غصے سے چراغ پا آزاد نے اپنی پچیس سالہ شادی شدہ زندگی میں آگ لگا دی ۔ اس نے ایک ہی لمحے میں شبنم کو تین بار طلاق طلاق طلاق کہہ کر سارے رشتوں سے ناطہ توڑ لیا۔ آزاد کے اس قدم سے شبنم، اس کی بیٹیوں اور بھائیوں کے سامنے مصیبتوں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے ۔