مقبوضہ بیت المقدس؛ فلسطینی شہری نے اپنی گاڑی کے ذریعے کئی اسرائیلی فوجیوں کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں 2 قابض فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعہ جمعہ کے روز جنین شہر کے قریب میفو دوتان یہودی کالونی کے قریب پیش آیا۔ واقعے میں 3 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے جن کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
فلسطینی حملہ آور کارروائی کرکے باآسانی فرار ہوگیا۔ دوسری جانب مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے پرامن فلسطینی مظاہرین پر وحشیانہ فائرنگ، آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 38 فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ہلال احمر فلسطین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو اسرائیلی فوج نے مشرقی بیت المقدس میں العیزریہ کے مقام پر نہتے فلسطینیوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کےنتیجے میں 27 فلسطینی شہری زخمی ہوئے۔ہلال احمر کے مطابق قابض فوج کی براہ راست فائرنگ اور دھاتی گولیوں سے کی گئی بوچھاڑ سے 9 فلسطینی زخمی ہوئے جب کہ 2 فلسطینی اسرائیلی فوج کے وحشیانہ لاٹھی چارج سے زخمی ہوگئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس 6 دسمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے بعد القدس سمیت پورے فلسطین میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
اسرائیلی فوج پرامن فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتی ہے۔ اُدھر فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج نے توپ خانے سے شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں کئی مکانات کونقصان پہنچا اور کئی مویشی ہلاک ہوگئے۔ مقامی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے مشرقی غزہ کے علاقے الشجاعیہ میں توپ خانے سے شدید گولہ باری کی۔ کئی گولے فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے مراکز پر گرے جب کہ بعض گولے قریبی کھیتوں میں بھی گرے ہیں۔مقامی فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری کے جواب میں بھی فائرنگ کی۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں بیت حانون کے مقام پر فلسطینی مزاحمت کاروں کے ایک مرکز پر وحشیانہ بمباری کی۔ طیاروں سے گرائے گئے بموں سے کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ اُدھر اسرائیلی فوج نے مشرقی غزہ میں شہدا قبرستان کے اطراف میں ٹینکوں سے گولہ باری کی۔ متاثرہ علاقے میں آگ اور دھواں اٹھتا دیکھا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی وحشیانہ زمینی اور فضائی کارروائی کے بعد فلسطینی شہری خوف وہراس کا شکار ہوگئے ہیں۔ادھر اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے سرحد پرگشت کے دوران 4 زور دار دھماکے ہوئے۔ یہ بم دھماکے فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے کیے جانے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔