راجکوٹ۔ راجکوٹ ضلع میں شادی کے گھر میں خوشیاں اس وقت ماتم میں تبدیل ہو گئیں جب شادی کے لئے رقم کا انتظام نہ ہو پانے کی وجہ سے ایک باپ نے خود کشی کر لی۔
گزشتہ کچھ دنوں سے مودی حکومت کے نوٹ بندی کے فیصلے سے ہو رہیں اموات کو لے کر مسلسل خبریں آ رہی ہیں اور اب اسی سلسلہ کا ایک تازہ معاملہ گجرات کے راجکوٹ ضلع میں سامنے آیا ہے۔
راجکوٹ ضلع میں نوٹ بندی کے مدنظر پیسے کا انتظام نہ ہو پانے کی وجہ سے پریشان ہو کر ایک باپ نے خودکشی کر لی ہے۔ اس سے پورے علاقے میں ماتم پسرا ہوا ہے۔
در اصل، راجکوٹ ضلع کے رہنے والے تربھون سمیسرا کی بیٹی کی شادی آنے والے 9 دسمبر کو ہے لیکن اچانک نوٹ بندی کے فیصلے کے چلتے پیسوں کا انتظام نہیں ہو پا رہا تھا۔ اس کی وجہ سے پریشان حال باپ نے پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔
اس سلسلے میں تربھون کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ نوٹ بندی کے بعد جن لوگوں نے پیسہ دینے کا وعدہ کیا تھا ان سب نے پیسہ دینے سے انکار کر دیا اور بینک میں جہاں ان کا کھاتہ تھا،
اس بینک میں بھی وہ کئی دفعہ نوٹ بدلوانے کے لئے لائن میں لگے لیکن نوٹ تبدیل نہ کر اسکے اور بالآخر خودکشی کر لی۔ واضح رہے کہ نوٹ بندی کے فیصلے کے بعد سے ہی لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔