یویارک : اوباما انتظامیہ نے مسلم رجسٹری سسٹم کو منسوخ کردیا ہے۔ امریکہ کے سبکدوش ہونے والے صدر براک اوباما نے 9/11 کے بعد سے جاری ‘مسلم رجسٹری پروگرام کو سرکاری طور پر ختم کر دیا ہے۔ اوباما نے یہ قدم نو منتخب صدر ڈنالڈ ٹرمپ کے اس بیان کے ایک دن بعد اٹھایا ہے ، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ملک میں مسلمانوں کے داخلہ پر روک لگانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
اس رجسٹری کو ‘نیشنل سیکورٹی انٹری ایگزٹ رجسٹریشن نظام ( این ایس ای ای آر ایس ) کے طور پر جانا جاتا ہے۔ تاہم یہ نظام سال 2011 سے غیر موثر تھا۔ اب ٹرمپ کو اس سلسلے میں اگر کوئی پروگرام شروع کرنا ہوگا ، تو انہیں دوبارہ نوٹیفکیشن جاری کرنا پڑے گا۔
اوباما انتظامیہ کا ٹرمپ کو واضح پیغام ، مسلم رجسٹری سسٹم کو منسوخ کردیا
قابل ذکر ہے کہ این ایس ای ای آر ایس کا استعمال خاص طور پر عرب اور مسلم ممالک کے غیر امریکی شہریوں کا ٹریک ریکارڈ رکھنے کے لئے کیا جاتا تھا۔ اوباما نے سال 2011 میں ہی اس کو منسوخ کر دیا تھا۔ تاہم اس کو سرکاری طور پر ختم کرنا اوباما انتظامیہ کی جانب سے مضبوط پیغام مانا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ سال 2002 میں بش انتظامیہ نے یہ سسٹم شروع کیا تھا۔ اس کے تحت مسلم ممالک سے آنے والے لوگوں کو اپنی زیادہ سے زیادہ معلومات مہیا کرانی ہوتی تھی۔ جو لوگ 30 دن سے زیادہ امریکہ میں رہنے کا ارادہ رکھتے تھے ، ان کو مزید معلومات دینی پڑتی تھی ، جیسے وہ امریکہ میں کہاں رہیں گے۔