قیمت میں 40 فیصد تک اضافہ
نئی دہلی : ملک کے مختلف حصوں میں ہوئی بھاری بارش سے فراہمی میں خلل پیدا ہونے کی وجہ سے گزشتہ ایک مہینے میں دہلی اور قومی دارالحکومت کےعلاقے (این سی آر) میں سبزیاں خاص طور پر بھنڈی، گوبھی، پھلیاں، بینگن اور کریلا کی قیمتوں میں 35 سے 40 فیصد تک کا اضافہ ہوا ہے۔صنعت اور کامرس کی تنظیم ایسوچیم نے پھل اور سبزیوں کی ایشیا کی سب سے بڑی تھوک منڈی آزاد پور کے کاروباریوں کے حوالے سے کہا کہ بھاری بارش کی وجہ سے کھیتوں میں پانی جمع ہونے سے سبزیوں کی کٹائی نہیں ہو پا رہی ہے۔ اس سے منڈی تک سبزیوں کی فراہمی میں خلل پیدا ہونے سے گزشتہ ایک مہینے میں ان کے دام 40 فیصد تک بڑھے ہیں۔ وہیں، محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں میں اور بارش کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ اگر ایسا رہا تو ان کے دام میں فی الحال راحت کی امید نہیں کی جا سکتی ہے۔
تنظیم نے کہا کہ جلد خراب ہونے والے پھل اور سبزیاں تاجروں کے لئے نقصان کا باعث ہوتے ہیں۔ دہلی کے تاجروں نے کہا کہ جلد سڑنے والی سبزیاں گوبھی، بھنڈی، بینگن، کریلا اور پھلیاں کے تھوک دام ریکارڈ اونچی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
ایسوچیم نے جاری رپورٹ میں کہا کہ 30 جون سے 30 جولائی کے دوران بھنڈی، گوبھی اور کریلے کی تھوک اور خوردہ قیمت کا فرق 35 سے 40 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ تھوک منڈی میں 20 سے 25 روپے فی کلو تک فروخت ہونے والی گوبھی کی قیمت اب 35 روپے فی کلو گرام تک پہنچ چکی ہے۔ اسی طرح آزاد پور منڈی میں بیگن کی تھوک قیمت 20 سے 25 روپے فی کلو گرام ہے۔