نئی دہلی۔ نجیب جنگ نے استعفی سے پہلے دہلی حکومت کے خلاف سی بی آئی جانچ کی سفارش کی تھی ۔ اپنی مدت کار کے دوران دہلی کے سابق لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ کا ایک انتظامی فیصلہ دہلی حکومت کی مشکل بڑھا سکتا ہے۔
سابق ایل جی نجیب جنگ نے راج بھون چھوڑنے سے پہلے دہلی حکومت کے خلاف بدعنوانی کے 7 مقدمات میں سی بی آئی جانچ کی سفارش کی تھی۔ سی بی آئی ذرائع کے مطابق دو مقدمات میں ایف آئی آر درج ہو چکی ہے جبکہ ایک معاملے میں ابتدائی تفتیش بھی کی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ باقی 4 معاملات پر بھی سی بی آئی کے افسر غور کر رہے ہیں۔
سی بی آئی ذرائع کے مطابق سابق سی اے جی وی کے شنگلو کمیٹی کی تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد پر سابق ایل جی نجیب جنگ نے سی بی آئی جانچ کی سفارش کی تھی۔
سی بی آئی نے حال میں ہی دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کے او ایس ڈی نكنج اگروال کے خلاف کیس درج کیا ہے۔ جمعہ کو سی بی آئی نے نكنج اگروال کے دہلی سیکرٹریٹ میں موجود دفتر پر چھاپہ بھی مارا تھا۔ بتا دیں کہ عام آدمی پارٹی کے کئی ممبران اسمبلی اور وزراء پر ڈی ٹی سی، خواتین کمیشن، وقف بورڈ میں بے ضابطگیوں کا الزام ہے۔